پینے کے پانی اور سیوریج لائنوں کی تبدیلی ومرمت پر تین کروڑ روپے خرچ کرچکے ہیں:چیئرمین محمد یوسف
کراچی: منتخب بلدیاتی نمائندے محدود وسائل میں عوام کے مسائل کو حل کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔ ہماری پوری ٹیم عوام کی پریشانیوں اور نیو کراچی ٹاؤن میں موجود مسائل سے آگاہ ہیں۔ان خیالات کا اظہار چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر کے ہمراہ نیو کراچی ٹاؤن میں منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر خواتین کونسلر و تعلیمی کمیٹی کی چیئرمین شگفتہ انیس،ممبر تعلیمی کمیٹی نصرت جہاں،ممبر تعلیمی کمیٹی طلعت عمران اور خواتین کونسلرز کی بڑی تعداد موجود تھی۔
اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں عوام مسائل میں گھرے ہوئے ہیں ان کی پریشانی کو دیکھتے ہوئے ٹاؤن کے محدود فنڈ سے،سیوریج اور پینے کی لائنوں کی مرمت و تبدیلی،نئے مین ہول کی تعمیرکرائی گئی ہے جبکہ یہ کام محکمہ واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کو کرانا چاہیئے مگر افسوس کے ساتھ یہ ادارہ مسلسل ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کررہا ہے عوام کی شکایات پر توجہ نہیں دی جارہی ہے،ہم عوامی نمائندے ہیں اور عوام کی اس پریشانی کو محسوس کرتے ہیں اس لئے ٹاؤن کے فنڈ سے تین کروڑ روپے ہم سیوریج اور پانی کی لائنوں کی تبدیلی و مرمت پر خرچ کرچکے ہیں۔
چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ ہمارا اولین مطالبہ یہ ہے کہ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کارپوریشن کو ٹاؤن کی سطح تک ماتحت کیا جائے۔نیو کراچی ٹاؤن ایک پسماندہ علاقہ ہے جس میں مسائل بے تحاشہ ہیں ہماری اس کوشش سے لوگوں کو آسانی میئسر آئی ہے لیکن ابھی بھی مسائل بے شمار ہیں اور اس کے لئے حکومت سندھ وسائل اور خصوصی فنڈ فراہم کرے۔
محمد یوسف نے مزید کہا کہ ہم نے نیو کراچی ٹاؤن میں ٹوٹی اور خستہ حال سڑکوں کی مرمت و استر کاری کی ہے جبکہ نالوں پر قائم پلیوں کی مرمت اور تعمیر کے کام کئے گئے ہیں جبکہ اجڑے ہوئے 12 پارکس و پلے گراؤنڈز کو تزین و آرائش کے بعد عوام کے حوالے کیا جاچکا ہے جبکہ نیو کراچی ٹاؤن میں کراچی کا پہلا ٹاؤن کی سطح پر واٹر پارک قائم کیا گیا ہے اور اسپورٹس کمپلکس کی تعمیر کی گئی جہاں نوجوان اپنی مثبت صلاحیتیوں کو اُجاگر کررہے ہیں۔
چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے حکومت سندھ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں مسائل بہت زیادہ ہیں اور منتخب نمائندوں کے پاس اختیارات کے ساتھ وسائل بہت کم ہیں لہذا حکومت ترقیاتی کاموں کی مد میں فنڈ میں اضافہ کرے تاکہ عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں۔اس موقع پر خواتین کونسلرز نے اپنے اپنے علاقوں کے مسائل سے آگاہ کیا اور چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن کو اپنے تعاون کا یقین دلایا۔
