محمد حسین سید، عبدالرحمن موتی والا، نورحسن جوکھیو، فاطمہ لاکھانی، وسیم ہاشمی،آصف عظیم ودیگر کی شرکت
کراچی:سید فاؤنڈیشن اور ٹاؤن میونسپل کارپوریشن صدرکے زیراہتما م ذہنی وجسمانی معذوری کاشکار بچوں کے ادارے دارالسکون ہیڈ آفس کشمیرروڈ میں جشن آزادی کی خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں سابق کمشنر کراچی محمد حسین سید، صدر ٹاؤن کے وائس چیئرمین عبدالرحمن موتی والا، میونسپل کمشنر نورحسن جوکھیو، پاکستان اولمپک کی نائب صدر فاطمہ لاکھانی، سےّدفاؤنڈیشن کے صدر وسیم ہاشمی، کراچی اسپورٹس فاؤنڈیشن کے چیئرمین آصف عظیم،دارالسکون کے سی ای او سیویرپریرا، مینیجرکارپوریٹ بونی بورنیشن سمیت اسپیشل بچوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب میں اسپیشل بچوں نے قومی نغموں پر اپنی خوبصورت پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔اس موقع پرشریک مہمان اسپیشل بچوں میں گھل مل گئے ان میں قومی پرچم تقسیم کئے اور ان کے ساتھ تصاویر بنوائیں اور تحائف تقسیم کئے
اس موقع پر اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے صدرٹاؤن کے وائس چیئرمین عبدالرحمن موتی والا کاکہنا تھا کہ اسپیشل بچے بھی ہمارے معاشرے کا اہم حصّہ ہیں اللہ تعالیٰ نے ان میں بھی بے پناہ صلاحیتیں پنہاں کیں ہیں،ان بچوں کے ساتھ اس تقریب میں شرکت کر کے جشن آزادی منانے کا لطف دوبالا ہوگیا ہے
میونسپل کمشنر نور حسن جوکھیو کا کہنا تھا کہ دارالسکون کے عہدیداران اوررضاکار جس طرح انسانیت کی خدمت کے جذبے کے تحت دن رات اسپیشل بچوں کی خدمت کی انجام دہی میں مصروف ہیں میں ان کے جذبے کو سلام پیش کرتا ہوں، بلا شبہ ذہنی وجسمانی معذوری کاشکار بچوں کے ادارے دارالسکون کی کارکردگی ملکی سطح پر ایک مثال ہے یہاں نہ صرف ان کی دیکھ بھال پر بھرپور توجہ دی جاتی ہے بلکہ ان کی تفریحی کیلئے مختلف ایونٹس کابھی تسلسل کے ساتھ انعقاد کیا جاتا ہے آج ان بچوں کے درمیان یوم آزادی کی خوشیوں میں شریک ہوکر بہت خوشی محسوس کررہا ہوں ایسی تقاریب ان بچوں میں مزید حوصلہ پیدا کرتی ہیں
سید فاؤنڈیشن کے صدر سید وسیم ہاشمی کاکہنا تھا کہ اسپیشل بچوں میں صلاحیتیں کسی طور پر بھی دوسروں سے کم نہیں ہمارا ادارہ مستقبل میں بھی دارلاسکون میں فلاحی کام کا دائرہ کار مزید وسیع کرے گا میں اس تقریب کی سرپرستی پر صدر ٹاؤن انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
دارالسکون کے سی ای او سیویرپریرا نے ادارے کے بچوں کیلئے تقریب پر سید فاؤنڈیشن اور صدر تاؤن کا شکریہ اداکیا

