منتخب بلدیاتی نمائندے دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے عوام کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں:ٹاؤن محمد یوسف
کراچی: محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے بعد ممکنہ بارشوں کی پیش نظر نیو کراچی ٹاؤن کی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کردیا گیا۔منتخب بلدیاتی نمائندے دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے عوام کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے شجر کاری مہم کے دورا ن 4-K چورنگی پر قائم گرین بیلٹ پرپودا لگانے کے بعد افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر میونسپل کمشنر نیو کراچی ٹاؤن ایاز حمید اللہ بلوچ،وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر،پارک کمیٹی نیو کراچی ٹاؤن کے چیئرمین عمران فقیر،ایڈیشنل ڈائریکٹر سینی ٹیشن مُشتاق خان،ڈپٹی ڈائریکٹر سینی ٹیشن نارتھ کراچی محمد علی، ڈپٹی ڈائریکٹر سینی ٹیشن نیو کراچی خالد شیخ،ڈائریکٹر باغات آفتاب احمد،ڈپٹی ڈائریکٹر باغات جاوید جمال،انچارج بی اینڈ آر فیصل صغیر و دیگر بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔
انہوں نے محکمہ باغات کے افسران سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں جاری شجر کاری مہم کامیابی سے ساتھ سفر کررہی ہے اور انشاء اللہ ہم سب مل کر عوام کے تعاون کے ساتھ نیو کراچی ٹاؤن کو خوب سے خوب تر بنائیں گے،انہوں نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن کی شاہراہوں پر قائم گرین بیلٹس اور چورنگیوں پر جلد ہی بیوٹی فکیشن کا کام شروع کیا جائے گا جس کے لئے تفصیلات طلب کرلی گئی ہیں۔
چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ ممکنہ بارشوں کے دوران نیو کراچی ٹاؤن کے نشیبی علاقوں پر خصوصی توجہ رکھی جائے اور جہاں بارش کے پانی کا اجتماع نظر آئے مشینری اور افرادی قوت کے ساتھ پانی کی فوری نکاسی کو ممکن بنایا جائے۔ بارانِ رحمت کو نیو کراچی ٹاؤن کی عوام کے لئے زحمت نہیں بننے دیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ اہلیان نیو کراچی ٹاؤن نے ہم پر بھروسہ کیا اور ووٹ دے کرجماعت سلامی کے کارکنان کو منتخب کیا ہے۔ انشاء اللہ ہماری کوشش ہے کہ ہم عوام کے بھروسے پر پورا اُتریں اس سلسلے میں نیو کراچی ٹاؤن میں موجود بلدیاتی مسائل کو حل کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔
چیئرمین محمد یوسف نے مزید کہا کہ الحمداللہ نیو کراچی ٹاؤن میں ہمیں مخلص، ایمانداراور تجربے کار افسران کی ٹیم ملی جو اپنے کاموں کو بہتر طور پرسر انجام دے رہی ہے اور اُمید کی جاسکتی ہے کہ انشاء اللہ بہت جلد نیو کراچی ٹاؤن بلدیاتی مسائل سے پاک خوبصورت اور ہرا بھرا بن کر اُبھرے گا۔
