کراچی: سندھ حکومت کے تعاون سے حب ڈیم سے نئی کینال ڈالنے اور موجودہ کینال کی بحالی کا منصوبہ اگلے 13 ماہ میں مکمل ہوگا منصوبہ مکمل ہونے سے ضلع غربی، وسطی، کیماڑی، لیاری اور دیگر علاقوں کے مکینوں کو فائدہ ہوگا کراچی شہر میں پانی کے شارٹ فال کو مدنظر رکھتے ہوئے وفاقی حکومت کو چاہیے کہ کے فور منصوبے کو فوری طور مکمل کرنے کیلئے تمام فنڈز جاری کرے تاکہ شہر میں پانی کا مسئلہ جلدی حل ہوسکے ان خیالات کا اظہار میئر کراچی و چیئرمین واٹر کارپوریشن بیرسٹر مرتضیٰ وہاب صدیقی نے بلدیا، مومن آباد، اورنگی، موڑرو میر بحر اور لیاری ٹاؤن کے مختلف منتخب بلدیاتی عوامی نمائندوں سے چیئرمین سیکریٹریٹ کارساز میں ملاقات کے دوران کیا
اس موقع پر سی او او واٹر کارپوریشن انجینئر اسداللہ خان ترجمان میئر کراچی برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی، رشید ہارون، جمن دروان اور دل محمد سمیت دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے
ملاقات کے دوران مختلف منتخب بلدیاتی عوامی نمائندوں نے اپنے اپنے علاقوں میں درپیش فراہمی و نکاسی آب کے مختلف مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں میئر کراچی نے منتخب نمائندوں کو تمام شکایات کے فوری حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے واٹر کارپوریشن کے متعلقہ افسران کو موقع پر احکامات جاری کرتے ہوئے پابند کیا کہ شہر بھر میں فراہمی و نکاسی آب کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں کیونکہ شہر بھر میں فراہمی و نکاسی آب کی بہتر سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ ہم سب ایک ہیں کراچی شہر ہمارا اپنا گھر ہے اور اس لیے کراچی شہر کی بہتری کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا میئر کراچی نے واٹر کارپوریشن کے افسران کو سخت ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام منتخب بلدیاتی عوامی نمائندوں کے ساتھ مل کر فراہمی و نکاسی آب کے مسائل حل کیے جائیں۔

