
راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق پاکستان نے فتح 2 گائیڈڈ راکٹ سسٹم کاکامیاب تجربہ کیا ہے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فتح 2 جدید نیوی گیشن سسٹم ،منفرد رفتار اور قابل تدبیر خصوصیات سے لیس ہے، فتح 2 گائیڈڈ راکٹ سسٹم 400 کلومیٹر تک نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے
آئی ایس پی آر کے مطابق تجربے کا مقصد لانچ کی مشقوں اور طریقہ کار کو مکمل کرنا تھا ، فتح 2 درستگی سے اہداف کو نشانہ بنانے اور کسی بھی میزائل دفاعی نظام کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، فتح2 راکٹ سسٹم کو پاکستان کے آرٹلری ڈویژنز میں شامل کیا جا رہا ہے
آئی ایس پی آرکا بتاناہے کہ راکٹ سسٹم پاک فوج کے روایتی ہتھیاروں کی رسائی اور مہلکیت کو نمایاں طور پر اپ گریڈ کرے گا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق چیف آف جنرل سٹاف اور مسلح افواج کے اعلیٰ افسران نے تجربے کا مشاہدہ کیا، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے بھی کامیاب تجربے پر مبارک باد پیش کی۔
صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے بھی کامیاب تجربے پر پاک فوج اور سائنسدانوں کو مبارکباد دی۔
