میرے والد مرحوم بھی ایک مزدور تھے، لاہور میں کالج میں داخلہ لیا اور شام میں مزدوری کرتے تھے
لاہور میں یوم مزدور کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا مزدور کے اوقات بہت سخت ہیں اور زندگی غریب آدمی پر تنگ ہے، نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کا تقاضا ہے کہ امیر غریب کے فرق کو کم کیا جائے اور مزدور کی اجرت پسینہ خشک ہونے سے پہلے ادا کی جائے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میرے والد مرحوم بھی ایک مزدور تھے، لاہور میں کالج میں داخلہ لیا اور شام میں مزدوری کرتے تھے۔ میرے والد پاکستان بننے سے پہلے لاہور آئے اور 6 بھائیوں کے ساتھ لاہور کی فیکٹری میں مزدوری کرتے تھے
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تیل کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے لیکن یہ مہنگائی کا متبادل نہیں ہے، روز کے اخراجات مزدور بڑی مشکل سے برداشت کرتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا سرمایہ کار اور محنت کش ایک ہی گاڑی کے پہیے ہیں اور ایک پہیہ سرمایہ کار ہے اور ایک محنت کش ہے، سرمایہ کاروں، تاجروں، کاروباری افراد کی دولت پر مزدوروں کا بھی حق ہے،حکومت ملکی معیشت کو بہتر کرنے کی پوری کوشش کر رہی ہے۔
