چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ کی ماہِ ربیع الاول کی آمد کے موقع پر اہم اجلاس
کراچی: چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ نے ماہِ ربیع الاول کی آمد کے موقع پر انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں یوسی چیئرمین مرتضیٰ میمن، مفتی عبدالغفور، کوثر عابدی، علماءکرام، عالم دین، مختلف محکموں کے سربراہان، افسران اور متعلقہ عملے نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ نے کہا کہ ربیع الاول مسلمانوں کے لیے انتہائی مقدس اور بابرکت مہینہ ہے، لہٰذا اس دوران عوام کو بہترین بلدیاتی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ میلاد النبی ﷺ کے جلوسوں اور محافل کے راستوں پر صفائی، اسٹریٹ لائٹس، سڑکوں کی مرمت، نکاسیٔ آب، پارکوں اور گرین بیلٹس کی صفائی اور تزئین و آرائش کے کام بروقت مکمل کیے جائیں۔
انہوں نے محکمہ سینی ٹیشن کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جلوسوں کے روٹس پر روزانہ صفائی کو یقینی بنایا جائے جبکہ محکمہ ایم اینڈ ای اسٹریٹ لائٹس کو مکمل طور پر فعال رکھے۔ محکمہ بی اینڈ آر سڑکوں کی مرمت اور ٹوٹ پھوٹ کی فوری درستگی کرے تاکہ جلوسوں کے شرکاء کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
چیئرمین کورنگی ٹاؤن نے مزید کہا کہ تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے کے ساتھ کام کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپنی ٹیموں کو ہمہ وقت تیار رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ کورنگی ٹاؤن کی جانب سے ربیع الاول کے مقدس مہینے میں عوام کو صاف، خوبصورت اور پرامن ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
اجلاس کے اختتام پر چیئرمین محمد نعیم شیخ نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں کا مسلسل دورہ کریں، انتظامات کی خود نگرانی کریں اور روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت سے آگاہ کریں تاکہ تمام تیاریاں بروقت اور بہترین انداز میں مکمل کی جا سکیں۔
