نیو کراچی ٹاؤن کے زیر اہتمام یومِ استحصالِ کشمیر ریلی کا انعقاد

نیو کراچی ٹاؤن کے زیر اہتمام یومِ استحصالِ کشمیر ریلی کا انعقاد

کراچی: یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر نیو کراچی ٹاؤن کے زیرِ اہتمام ایک پُروقار اور پُرامن یکجہتی ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت میونسپل کمشنر نیو کراچی ٹاؤن عبدالجبار مہر نے کی۔

ریلی کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سے اظہارِ یکجہتی، ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت اور عالمی برادری کی توجہ مسئلہ کشمیر کی جانب مبذول کرانا تھا۔ریلی میں نیو کراچی ٹاؤن کے افسران، ملازمین، بلدیاتی سرکاری اسکولوں کے اساتذہ، طلباء وطالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر نیو کراچی ٹاؤن کے مختلف بلدیاتی سرکاری اسکولوں میں بھی یومِ استحصالِ کشمیر کے حوالے سے خصوصی ریلیاں اور آگاہی تقریبات منعقد کی گئیں، جن میں اساتذہ اور طلبہ نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کرتے ہوئے کشمیری عوام کے ساتھ اپنی والہانہ یکجہتی کا اظہار کیا۔ شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت، آزادی اور بھارتی اقدامات کے خلاف نعرے درج تھے۔

ریلی کے دوران مقبوضہ کشمیر کے شہداء اور مظلوم عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔اس موقع پر میونسپل کمشنر عبدالجبار مہر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 5 اگست 2019 جنوبی ایشیا کی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے، جب بھارت نے یکطرفہ اقدام سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کر دی۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام نے نہ صرف کشمیری عوام کے بنیادی، سیاسی اور جمہوری حقوق سلب کیے بلکہ خطے کے امن و استحکام کو بھی شدید خطرات سے دوچار کیا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں اور ان کی جدوجہد عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کے لیے کافی ہے۔ پاکستان کا ہر شہری اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی منصفانہ جدوجہد کی ہر سطح پر سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔عبدالجبار مہر نے اس موقع پر بلدیاتی سرکاری اسکولوں کے اساتذہ اور طلبہ کی بھرپور شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ نئی نسل میں کشمیر کے حوالے سے شعور، قومی یکجہتی اور حب الوطنی کا جذبہ پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

میونسپل کمشنر نے کہا کہ طلبہ کی پرجوش شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کے بچے بھی اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے دکھ درد کو محسوس کرتے ہیں اور ان کے جائز حق خودارادیت کی حمایت کرتے ہیں۔ یومِ استحصالِ کشمیر ہمیں اس عہد کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم ہر قومی اور بین الاقوامی فورم پر کشمیر کا مقدمہ مؤثر انداز میں اُجاگر کرتے رہیں گے۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے کشمیری عوام کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ان کا تسلیم شدہ حقِ خودارادیت دلانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔ریلی کے اختتام پر کشمیری شہداء کے ایصالِ ثواب، مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آزادی، امن و سلامتی اور پاکستان کی ترقی و استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں