یومِ استحصالِ کشمیر پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ریلی، کشمیری عوام سے بھرپور اظہارِ یکجہتی

یومِ استحصالِ کشمیر پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ریلی، کشمیری عوام سے بھرپور اظہارِ یکجہتی

کراچی: ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مرادنے کہا ہے کہ 5 اگست 2019 کو بھارت کی جانب سے کیے گئے یکطرفہ اقدامات بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روح کے منافی ہیں اور ان سے مسئلہ کشمیر کی متنازع حیثیت تبدیل نہیں کی جاسکتی، کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت پاکستان کے اصولی مؤقف کا حصہ ہے اور یہ حمایت ہر سطح پر جاری رہے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز ”یومِ استحصالِ کشمیر“ کے موقع پر نکالی گئی ریلی کی قیادت کے بعد بلدیہ عظمیٰ کراچی کے صدر دفتر میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر میونسپل کمشنر ابرار احمد جعفر، مشیر مالیات گلزار علی ابڑو، مختلف محکموں کے سربراہان، افسران، ملازمین اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی،ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مرادنے کہا کہ 5 اگست 2019 کے اقدامات کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیر ایک متنازع خطہ ہے اور اس کا حتمی فیصلہ کشمیری عوام کی رائے کے مطابق ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے کشمیری عوام مشکلات اور انسانی حقوق سے متعلق سنگین مسائل کا سامنا کر رہے ہیں جن پر عالمی برادری کو مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے، یومِ استحصالِ کشمیر کا مقصد عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنا اور کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرنا ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی نے بھی اسی جذبے کے تحت یہ ریلی منعقد کی تاکہ کراچی کے عوام کی جانب سے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا جاسکے۔

ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا کہ اہلِ کراچی کشمیری عوام کے بنیادی حقوق اور ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھیں گے، انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات کریں،انہوں نے کہا کہ یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر دنیا کے مختلف ممالک میں سیمینارز، کانفرنسوں، ریلیوں اور دیگر تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے جن کا مقصد مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا اور انسانی حقوق سے متعلق تشویش کو دنیا کے سامنے پیش کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یومِ استحصالِ کشمیر ہمیں اس عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم کشمیری عوام کے جائز حقوق کی حمایت جاری رکھیں گے اور انصاف، امن اور انسانی وقار کے فروغ کے لیے ہر ممکن آواز بلند کرتے رہیں گے۔

اس موقع پر میونسپل کمشنر کے ایم سی ابرار جعفر نے کہا کہ کشمیری عوام ہی نہیں بلکہ بھارت میں بسنے والے تمام مسلمانوں کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر استحصال ہورہا ہے، آج کا دن کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا دن ہے، آج بلدیہ عظمیٰ کراچی میں کشمیری عوام کے ساتھ یوم استحصال کشمیر منایا جا رہا ہے،انہوں نے کہا کہ کشمیر تاحیات پاکستان کا حصہ تھا، ہے اور رہے گا، ہماری نسبت اور ہمارا تعلق کشمیریوں کے ساتھ کسی بھی حالت میں ختم نہیں ہوسکتا۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں