چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن نے رمضان گوٹھ میں پیور بلاک کی تنصیب کے ترقیاتی منصوبے کا دورہ کیا
کراچی: چیئرمین ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر، حاجی نواز علی بروہی نے یونین کونسل 1 کے علاقے رمضان گوٹھ میں جاری پیور بلاک کی تنصیب کے ترقیاتی منصوبے کا دورہ کیا۔ دورے کا مقصد منصوبے کی پیش رفت، تعمیراتی معیار، شفافیت اور رفتار کا جائزہ لینا اور عوام کو معیاری، پائیدار اور بروقت بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا تھا۔
اس موقع پر چیئرمین کے ہمراہ یونین کونسل 1 کے کونسلر جاوید بروہی، سب انجینئر جنید صدیقی اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ چیئرمین نے جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا، استعمال ہونے والے تعمیراتی میٹریل کے معیار، منصوبے کی رفتار اور مجموعی پیش رفت کا جائزہ لیا اور موقع پر موجود افسران سے منصوبے کے مختلف مراحل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔
چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے متعلقہ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ ہرگز قابل قبول نہیں۔ تمام کام انجینئرنگ کے مقررہ اصولوں، مکمل شفافیت اور اعلیٰ معیار کے مطابق بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ عوام کو دیرپا اور معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے زور دیا کہ عوامی وسائل قوم کی امانت ہیں، لہٰذا ان کے استعمال میں دیانت داری، ذمہ داری اور شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ رمضان گوٹھ میں پیور بلاک کی تنصیب سے نہ صرف گلیوں اور سڑکوں کی حالت بہتر ہوگی بلکہ شہریوں کو آمدورفت میں سہولت، صاف ستھرا ماحول اور بہتر بلدیاتی انفراسٹرکچر بھی میسر آئے گا، جس سے علاقے کی مجموعی خوبصورتی اور شہری سہولیات میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
چیئرمین منگھوپیر نے کہا کہ ٹاؤن کی تمام یونین کونسلوں میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر بھرپور توجہ کے ساتھ کام جاری ہے۔ سڑکوں، گلیوں، نکاسیٔ آب اور دیگر بنیادی بلدیاتی سہولیات کی فراہمی ٹاؤن انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، کیونکہ مضبوط اور معیاری انفراسٹرکچر ہی کسی بھی علاقے کی ترقی، خوشحالی اور شہریوں کے بہتر معیارِ زندگی کی بنیاد ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کے لیے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔ ترقیاتی منصوبوں کی مسلسل نگرانی، معیار کی جانچ اور بروقت تکمیل اسی عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جائے، کسی بھی تکنیکی یا انتظامی رکاوٹ کو فوری طور پر دور کیا جائے اور منصوبے کو مقررہ مدت کے اندر اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیا جائے۔
دورے کے اختتام پر چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ منگھوپیر ٹاؤن کو ایک جدید، منظم، صاف ستھرا اور ترقی یافتہ بلدیاتی ٹاؤن بنانے کے لیے ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ بلا تعطل جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور منگھوپیر ٹاؤن کی ہمہ جہت ترقی ہی ٹاؤن انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
