ایسے منصوبوں کو ترجیح دی جائے جن سے براہ راست شہریوں کو فائدہ پہنچے:ناصر شاہ

ایسے منصوبوں کو ترجیح دی جائے جن سے براہ راست شہریوں کو فائدہ پہنچے:ناصر شاہ

کراچی: وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت محکمہ بلدیات کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکریٹری بلدیات، اسپیشل سیکریٹری بلدیات، ڈی جی کے ڈی اے، ڈی جی ایم ڈی اے، سی او او واٹر بورڈ، ڈائریکٹر میگا پروجیکٹس اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں آئندہ مالی سال 2026-27 کے ترقیاتی پروگرام، جاری منصوبوں کی پیش رفت اور نئے ترقیاتی منصوبوں کے خدوخال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ سیکریٹری بلدیات نے اجلاس کو آئندہ سال کے ترقیاتی منصوبوں اور مجوزہ اسکیموں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے مختلف محکموں کی ترجیحات اور منصوبہ بندی سے آگاہ کیا۔

اجلاس میں ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی، لیاری ڈیولپمنٹ اتھارٹی، سہون ڈیولپمنٹ اتھارٹی، کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اور میگا پروجیکٹس سے متعلق ترقیاتی اسکیموں کا جائزہ لیا گیا جبکہ شہری انفراسٹرکچر کی بہتری، سڑکوں، نکاسی آب، پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور شہری سہولیات میں اضافے کے منصوبوں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں بارش کے پانی کو زیر زمین ذخیرہ کرنے اور واٹر ری چارجنگ منصوبوں پر خصوصی غور کیا گیا تاکہ مستقبل میں پانی کی قلت پر قابو پانے اور بارش کے پانی کو مؤثر انداز میں محفوظ بنایا جا سکے۔

سید ناصر حسین شاہ نے ہدایت کی کہ صوبے بھر میں ترقیاتی اسکیموں کے آغاز کے لیے جامع اور مؤثر منصوبہ بندی کی جائے اور عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے منصوبوں کو ترجیح دی جائے جن سے براہ راست شہریوں کو فائدہ پہنچے۔ صوبے میں انفراسٹرکچر کی بہتری، شہری سہولیات کی فراہمی اور پائیدار ترقی کے منصوبوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے جبکہ جاری ترقیاتی اسکیموں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے اپنی کارکردگی مزید بہتر بنائیں۔

وزیر بلدیات سندھ نے ہدایت کی کہ آئندہ بجٹ میں کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن، میگا پروجیکٹس، کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی، ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور سہون ڈیولپمنٹ اتھارٹی سمیت دیگر اداروں کی اہم اسکیموں کو شامل کیا جائے تاکہ ترقیاتی عمل میں مزید تیزی لائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور آبی وسائل کے بہتر استعمال سے متعلق منصوبے بھی ترقیاتی پروگرام کا اہم حصہ ہوں گے اور حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔ اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ سندھ بھر میں ترقیاتی منصوبوں کو شفاف، مؤثر اور بروقت مکمل کرکے عوام کو بہتر شہری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں