کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبے زمینی حقائق ہیں: شرجیل انعام میمن
کراچی: سندھ کے سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت کی پریس کانفرنس پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم بے بنیاد الزامات اور پرانی فرسودہ کہانیوں کے سہارے اپنی سیاست کو زندہ رکھنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔ ایم کیو ایم کی سیاست ہمیشہ نعروں، الزامات اور بحران پیدا کرنے کے گرد گھومتی رہی ہے اور آج بھی وہی پرانا طرزِ عمل دہرایا جا رہا ہے۔
ایک بیان میں سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ صوبائی خودمختاری، آئینی اختیارات اور بلدیاتی نظام کو سب سے زیادہ متنازعہ بنانے کی کوشش خود ایم کیو ایم نے کی۔کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبے زمینی حقائق ہیں جنہیں کسی بھی پروپیگنڈے کے ذریعے جھٹلایا نہیں جا سکتا۔ یلو لائن، شاہراہ بھٹو اور دیگر ترقیاتی منصوبے اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ سندھ حکومت عملی کام پر یقین رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی عوامی مقام کے حوالے سے اگر کوئی قانونی یا انتظامی مسئلہ موجود ہے تو اس کا حل عدالتوں اور متعلقہ اداروں کے ذریعے ہونا چاہیے۔ شرجیل انعام میمن نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو عناصر برسوں اپنی ناکام اور مفاداتی سیاست کے ذریعے شہر کے مسائل میں اضافہ کرتے رہے، آج دوبارہ خود کو نجات دہندہ کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ سندھ حکومت نے بلدیاتی اداروں کو نہ صرف اختیارات دیے ہیں بلکہ انہیں مالی وسائل اور قانونی معاونت بھی فراہم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کسی ایک جماعت کی جاگیر نہیں بلکہ پاکستان کا معاشی مرکز ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو عناصر ترقی کے ہر قدم پر تنقید کو اپنا سیاسی ہتھیار بناتے ہیں، درحقیقت وہ اپنے سیاسی زوال کا خود اعتراف کر رہے ہوتے ہیں۔
