کراچی ہمیشہ سندھ کا حصہ تھا، ہے اور رہے گا،شرجیل انعام میمن
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے تمام حجاجِ کرام اور عالمِ اسلام کو عیدالاضحیٰ کی دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی عظیم قربانی ہمیں یہ درس دیتی ہے کہ اللہ تعالیٰ کی رضا کی خاطر اپنی جان سے عزیز ہر شے کو قربان کر دینا ہی اصل بندگی ہے،آج کے مبارک دن ہمیں متحد ہو کر یہ پیغام دینا ہے کہ ہم اپنے تمام پرانے اختلافات اور مسائل کو پسِ پشت ڈال کر عید کی خوشیاں باہمی محبت اور یگانگت کے ساتھ منا رہے ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عالمی امن کے قیام کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے، انسانیت سب سے مقدم ہے اور ہر انسان کی جان بے حد قیمتی ہے، نفرتوں کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے، ملک کو بھائی چارے، رواداری اور باہمی مفاہمت کے جذبے کے ساتھ چلایا جانا چاہیے۔اٹھائیسویں ترمیم کے حوالے سے ہونے والی گفتگو محض قیاس آرائیوں تک محدود ہے اور اس ضمن میں ہم سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی ہمیشہ سندھ کا حصہ تھا، ہے اور رہے گا۔بینظیر بھٹو انکم سپورٹ پروگرام ختم نہیں ہوگا، کیونکہ اس پروگرام کے ذریعے غریب اور مستحق خواتین کی معاونت کی جاتی ہے، منشیات کے خلاف نہایت سنجیدگی اور مؤثر انداز میں کریک ڈاؤن جاری ہے۔
