کے ایم سی نے گل پلازہ کا ملبہ اٹھانے کے لئے 13 ملین روپے کی منظوری دے دی

کے ایم سی نے گل پلازہ کا ملبہ اٹھانے کے لئے 13 ملین روپے کی منظوری دے دی

کراچی: بلدیہ عظمیٰ کراچی کی کونسل کا عام اجلاس ہفتہ کے روز کونسل ہال صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کی، میونسپل کمشنر کے ایم سی ابرار جعفر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اجلاس کے آغاز پر شاہراہ بھٹو منصوبے اور شہر میں جاری ترقیاتی کاموں پر اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ سیف الدین ایڈوکیٹ نے ایوان کو خوشگوار ماحول میں چلانے کی بات کی جس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے مشن کے تحت عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی نے مختلف سازشوں اور مشکلات کے باوجود شاہراہ بھٹو منصوبے پر کام جاری رکھا، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ، وزیر بلدیات سندھ اور میئرکراچی منصوبے کی تکمیل تک ساتھ کھڑے رہے،کراچی میں میگا منصوبوں کی پلاننگ جاری ہے جبکہ سگنل فری کوریڈورز پر بھی کام ہو رہا ہے،انہوں نے کہا کہ شاہراہ بھٹو شہر کی اہم ضرورت ہے جو ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگی، اختلاف رائے اپنی جگہ لیکن کردار کشی سے گریز کرنا چاہئے۔

اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر سیف الدین ایڈوکیٹ نے کہا کہ شاہراہ بھٹو کی تعمیر خوش آئند اقدام ہے اور اس منصوبے کی تکمیل پر سب خوش ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ بلدیاتی اداروں کا سب سے بڑا ایوان ہے اور اس کے تقدس کو برقرار رکھنا تمام اراکین کی ذمہ داری ہے۔ سیف الدین ایڈوکیٹ نے تجویز دی کہ منصوبوں کی نگرانی کے لیے سپروائزری کمیٹی قائم کی جائے تاکہ شفافیت اور معیار کو یقینی بنایا جاسکے، تحریک انصاف کے رکن اسد امان نے بھی شاہراہ بھٹو منصوبے کی تکمیل پر چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سمیت تمام قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر عوامی مسائل حل ہوتے رہے تو آئندہ بھی عوام اعتماد کا اظہار کریں گے، اجلاس میں مجموعی طور پر12 قراردادیں منظور کی گئیں جن میں اتفاق رائے سے منظور کی گئی قرارداد کے ذریعے گزشتہ دنوں سابق یوسی ناظم اظہار الحق حسن زئی اور کونسل کے سابق رکن اشرف اعوان کے انتقال اور ادریس شامزئی چیئرمین یوسی 7 مومن آباد کے جواں سال صاحبزادے اور بھتیجے پر فائر نگ کے نتیجے میں شہید ہونے پر تعزیتی قرارداد منظور کی گئی جبکہ لیاری ضلع جنوبی کراچی میں گورنمنٹ ڈگری کالج قیام کے لئے زمین حوالے کرنے کے سلسلے میں این او سی جاری کرنے کی منظوری، سانحہ گل پلازہ کے حوالے سے مختلف اقدامات پر ہونے والے اخراجات مبلغ 13 ملین روپے اور گل پلازہ کا ملبہ اٹھانے کے اقدامات پر مبلغ 30.89 ملین روپے اخراجات کی Post Facto  منظوری، کے ڈی اے نارتھ ناظم آباد فلائی اوور ڈاکٹر پرویز محمود شہید کے نام سے منسوب کرنے کی بھی قرارداد اتفاق رائے سے منظوری شامل تھی۔ جبکہ کثرت رائے سے منظور کی گئی قراردادوں میں حکومت سندھ کی جانب سے کراچی کی عوام کی سہولت کیلئے ایک عظیم الشان منصوبہ شاہراہ بھٹو مکمل کیا، یہ منصوبہ جدید چھ لین ایکسپریس وے ہے جس کی مجموعی لمبائی 39 کلو میٹر ہے، شاہراہ بھٹو کو M-9 موٹر وے سے منسلک کرتا ہے، اس منصوبے کا فیز ون تھا جس کی لاگت 55 ارب رہی، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے منصوبے کا افتتاح کرنے کے بعد اس منصوبے کے فیز II کا بھی سنگ بنیاد رکھ دیا جو قیوم آباد سے کراچی کی بندرگاہ کے پی ٹی تک جائے اور زیادہ تر پروجیکٹ ایلیویٹڈ ہوگااور اس کی لاگت 65 ارب روپے ہوگی۔

شاہراہ بھٹو فیزI کی ریکارڈ مدت میں تکمیل پر چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے قرارداد کی منظوری، 246 یونین کمیٹیوں میں فی یوسی 50 عدد LED اسٹریٹ لائٹس کی فراہمی کی لاگت تخمینہ رقم مبلغ 116.424 ملین روپے کی PC-1 کی منظوری، کراچی کے مختلف علاقوں میں قائم امام بارگاہوں اور محرم الحرام میں جلوسوں کے راستوں کی بہتری،بحالی اور ترقیاتی کاموں کے لئے تخمینہ رقم مبلغ 199.9 ملین روپے کی منظوری، پی اے ایف ائر مین اکیڈمی کورنگی کریک جانے والی سڑک کی ہنگامی بنیادوں پر تعمیر و نو، مرمت اور کارپیٹنگ کے کام تخمینی لاگت مبلغ 149.990 ملین روپے کی PostFacto منظوری، ایمپریس مارکیٹ صدر (پوڈیم ایریا) گارڈن بشمول ہنگامی بنیادوں پر انٹرنل رینڈرنگ کی بہتری اور تزئین و آرائش وتخمینہ رقم مبلغ 59.80 ملین روپے کی PostFacto منظوری، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام بیچ ویو سائٹ پر تین ایکڑ اراضی پر کراچی میوزیم کے قیام سے متعلق قراراداد نمبر 192، مورخہ 12 مارچ 2026 ء میں ترمیم کرتے ہوئے دی سٹیزن آرکائیو آف پاکستان کے بجائے یہ معاہدہ میسرز ہریٹیج کلچرل پریزرویشن فاؤنڈیشن کے ساتھ کرنے کی منظوری شامل تھی، اجلاس کے دوران مختلف اراکین نے اظہار خیال کیا، بعدازاں اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردیا گیا۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں