حکومت کی اولین ترجیح شہر کو جدید اور معیاری سہولیات فراہم کرنا ہے:شرجیل انعام میمن

حکومت کی اولین ترجیح شہر کو جدید اور معیاری سہولیات فراہم کرنا ہے:شرجیل انعام میمن

کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے کا دورہ کیا، جہاں سی ای او ٹرانس کراچی زبیر چنہ، انجنیئرز، کنسلٹنٹس اور دیگر متعلقہ حکام بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ ریڈ لائن بی آر ٹی حکام کی جانب سے سینئر وزیر کو منصوبے پر جاری کام اور پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ مکس ٹریفک لین پر تعمیراتی کام دن اور رات دونوں اوقات میں مسلسل جاری ہے، جبکہ لاٹ ٹو پر ایف ڈبلیو او نہایت تیز رفتاری اور مستعدی کے ساتھ کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی روڈ پر مکس ٹریفک ایک سنگین مسئلہ بن چکی ہے، تاہم یوٹیلیٹیز سے متعلق مسائل مرحلہ وار حل کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی پاکستان کا سب سے مصروف اور گنجان آباد شہر ہے، جہاں دیگر شہروں کے مقابلے میں کسی بھی ترقیاتی منصوبے پر کام کرنا زیادہ دشوار اور پیچیدہ ہوتا ہے۔ 23 مئی کو شاہراہِ بھٹو عوام الناس کے لیے کھول دی جائے گی۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ یوٹیلیٹیز کو ایک ہی دن میں منتقل نہیں کیا جا سکتا کیونکہ اس عمل سے لاکھوں افراد متاثر ہونے کا خدشہ ہوتا ہے، جبکہ گنجان آباد علاقوں میں ترقیاتی کاموں کے دوران مختلف دشواریاں بھی پیش آتی ہیں۔سندھ بھر میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی سرگرمیاں جاری ہیں اور متعدد میگا منصوبوں پر تیزی سے کام ہو رہا ہے۔ کراچی میں جدید طرز کے اسٹیٹ آف دی آرٹ اسپتالوں، جامعات اور دیگر عوامی فلاحی منصوبوں پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ کچھ مقامات پر کام میں زیادہ وقت لگا جس پر حکومت معذرت خواہ ہے، تاہم یہ بی آر ٹی منصوبہ مستقبل کے لیے ایک دیرپا سہولت ثابت ہوگا اور عوام طویل عرصے تک اس سے فائدہ اٹھاتے رہیں گے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح شہر کو جدید اور معیاری سہولیات فراہم کرنا ہے۔ لوگ تنقید کرتے رہتے ہیں لیکن حکومت کی توجہ منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل پر مرکوز ہے۔ بسیں، پنک بسیں اور الیکٹرک اسکوٹیز کا آغاز کیا جا چکا ہے جبکہ ای وی ٹیکسی اسکیم بھی جلد شروع کی جا رہی ہے، جس کا مقصد عوام کو ٹرانسپورٹ کے شعبے میں زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری کی واضح ہدایات ہیں کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں، جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ بھی ہر ہفتے ترقیاتی منصوبوں کے دورے کر رہے ہیں۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں