آٹھ صفر کا معرکہ حق دشمن کبھی فراموش نہیں کر پائے گا:مریم نواز

آٹھ۔ صفر کا معرکہ حق دشمن کبھی فراموش نہیں کر پائے گا:مریم نواز

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے “معرکہ حق” کا ایک سال مکمل ہونے پر پاکستانی عوام، حکومت اور افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اظہارِ تشکر کیا ہے۔

اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب نے معرکہ حق کے ہیروز کو سلام عقیدت پیش کیا اور کہا کہ یہ تاریخی کامیابی قوم کے اتحاد، بہادری اور بے مثال قربانیوں کی روشن مثال ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر،ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور ایڈمرل نوید اشرف کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بے باک اور مدبر قیادت نے معرکہ حق میں تاریخی فتح کی بنیاد رکھی۔

انہوں نے کہا کہ “آٹھ صفر” کا معرکہ حق دشمن کبھی فراموش نہیں کر پائے گا جبکہ پاکستان کی فتح اور بھارت کی شکست کی گواہی دنیا نے دی اور دیتی رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ معرکہ حق نے دشمن پر پاکستان کی ہیبت کا ایسا نشان ثبت کیا جو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ معرکہ حق نے ثابت کردیا کہ پاکستانی قوم امن پسند ہے، لیکن جب وقت آتا ہے تو پوری قوم بنیان مرصوص بن کر دشمن کے سامنے ڈٹ جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا نے معرکہ حق میں دیکھا کہ پوری قوم متحد اور یکسو ہو کر افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی رہی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پاک افواج اور پاکستانی عوام کے اتحاد نے دشمن کو سر جھکانے پر مجبور کردیا جبکہ پاکستان کے شاہینوں نے اپنی پیشہ ورانہ حربی مہارت سے دشمن پر برتری ثابت کی۔آج دنیا بھر میں ہر محب وطن پاکستانی معرکہ حق کی کامیابی پر خوشی منا رہا ہے جبکہ پنجاب کے ہر شہر، گاوٴں اور گلی کوچے میں اس تاریخی کامیابی کی خوشیاں منائی جا رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ طلبہ، اساتذہ، تاجر، وکلا، سیاست دان، کسان اور دیگر طبقات سمیت پوری قوم معرکہ حق کی کامیابی کا جشن منا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معرکہ حق تاریخِ عالم میں پاکستان کی عظمت اور قومی اتحاد کا ایک روشن باب بن چکا ہے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں