چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن کا ٹیم کے ہمراہ یوسی ایک میں CLICK کے تعاون سے تعمیر گرلز پرائمری اینڈ سیکنڈری اسکول کا اہم دورہ
کراچی: منگھوپیر ٹاؤن کی یوسی 1 دلدار رند گوٹھ میں CLICK کے تعاون سے تعمیر کیے جانے والے گرلز پرائمری اینڈ سیکنڈری اسکول کا ایک اہم دورہ منعقد کیا گیا، جس میں ورلڈ بینک کی نمائندہ ٹیم، CLICK کے افسران، چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی، وائس چیئرمین رانا عارف، متعلقہ افسران، انجینئرز اور معززینِ علاقہ نے شرکت کی۔
دورے کے دوران ورلڈ بینک اور CLICK ٹیم نے اسکول میں جاری تعمیراتی سرگرمیوں، ترقیاتی معیار، بنیادی سہولیات، تعلیمی ماحول اور منصوبے کی مجموعی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی نے وفد کو جامع بریفنگ دیتے ہوئے منصوبے کے مختلف مراحل، تعمیراتی معیار، عوامی ضروریات اور مستقبل کی منصوبہ بندی سے تفصیل کے ساتھ آگاہ کیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ یہ جدید تعلیمی منصوبہ علاقے کی بچیوں کو معیاری، محفوظ اور بہتر تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے مقصد کے تحت تعمیر کیا جا رہا ہے، جہاں جدید کلاس رومز، سازگار تعلیمی ماحول اور بنیادی سہولیات کو بین الاقوامی معیار کے مطابق یقینی بنایا جا رہا ہے۔ وفد نے منصوبے کے معیار، رفتار اور انتظامی نگرانی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے علاقے کے لیے ایک مثبت اور خوش آئند پیش رفت قرار دیا۔
چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہے، جبکہ بچیوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ منگھوپیر ٹاؤن عوامی خدمت، شفاف ترقیاتی منصوبہ بندی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے ذریعے عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ CLICK پروگرام کے تعاون سے جاری یہ منصوبہ نہ صرف علاقے کی تعلیمی صورتحال میں نمایاں بہتری لائے گا بلکہ مقامی خاندانوں کے لیے ایک بڑی سہولت بھی ثابت ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی نسل کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور منگھوپیر ٹاؤن اسی وژن کے تحت ترقیاتی منصوبوں کو مؤثر انداز میں مکمل کر رہا ہے۔
ورلڈ بینک کے نمائندوں نے اس موقع پر منگھوپیر ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے جاری ترقیاتی اقدامات، مؤثر نگرانی اور تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے منصوبے مقامی آبادی کی فلاح و بہبود اور تعلیمی بہتری میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
CLICK کے حکام نے بھی منصوبے کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منگھوپیر ٹاؤن کی انتظامیہ کے تعاون سے منصوبے کو تیز رفتاری اور بہتر حکمتِ عملی کے تحت مکمل کیا جا رہا ہے، جبکہ مستقبل میں بھی عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں باہمی تعاون جاری رکھا جائے گا۔
دورے کے اختتام پر وفد نے اسکول کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا، جاری تعمیراتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا اور منصوبے کی بروقت اور معیاری تکمیل کے عزم کا اعادہ کیا۔
