لیاقت آباد ٹاؤن کی یوسی 6 میں ڈسپنسری کا افتتاح، شہریوں کا خوشی کا اظہار
جماعت اسلامی کے منتخب نمائندے عوام کی بھرپور خدمت کر رہے ہیں، ایڈووکیٹ سیف الدین
یہ وہ ڈسپنسری ہے جہاں کسی نے آنا مناسب نہیں سمجھا لیکن اب اسے کارآمد بنا دیا گیا ہے، فراز حسیب
یہ ڈسپنسری مکینوں کے لیے بہت مفید ہے، دوائی صرف 20 روپے کی پرچی پر ملتی ہے، صائمہ صفدر
کراچی (رپورٹ: شوکت علی) ٹاؤن میونسپل کارپوریشن لیاقت آباد نے یوسی 6 میں ٹاؤن ڈسپنسری کا افتتاح کر دیا۔ٹاؤن ڈسپنسری کا افتتاح قائم مقام امیر جماعت اسلامی کراچی اور کے ایم سی میں اپوزیشن لیڈر سیف الدین ایڈووکیٹ، ضلعی امیر کامران سراج اور ٹاؤن چیئرمین فراز حسیب نے کیا۔
رہنماؤں نے ڈسپنسری کا دورہ بھی کیا اور وہاں موجود سی ایم او صائمہ صفدر سے معلومات بھی لیں۔ سی ایم او صائمہ صدر نے کہا کہ یہ ڈسپنسری چھوٹے پیمانے پر مکینوں کے لیے بہت مفید ہے، لوگوں کو صرف 20 روپے کی پرچی پر تین دن کی دوائی دی جاتی ہے۔
ایڈووکیٹ سیف الدین نے کہا کہ جماعت اسلامی کے منتخب نمائندے عوام کی بہت اچھی خدمت کر رہے ہیں، عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ عوام پر خرچ کیا جاتا ہے۔ لوگوں کی بلا تفریق خدمت کی جاتی ہے۔ ٹاؤن چیئرمین فراز حسیب نے کہا کہ یہ ایک ڈسپنسری ہے جہاں پہلے کسی نے آنا مناسب نہیں سمجھا لیکن اب اس پر کام کر کے اسے کارآمد بنا دیا گیا ہے۔ اگر میئر بھی جماعت اسلامی سے ہوتا تو شہر اور بھی ترقی کرتا۔
ضلعی امیر کامران سراج نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ترقیاتی کاموں میں اپنا لوہا منوایا ہے۔ جس کو یقین نہ آئے وہ آکر بستی کی سیر کرے۔ شہروں کی خدمت کا سلسلہ جاری رہے گا۔ آخر میں ایڈوکیٹ سیف الدین نے ایک پودا بھی لگایا۔
