ہفتہ ”معرکۂ حق“ کا مقصد نوجوانوں میں حب الوطنی، اتحاد، مثبت سرگرمیوں اور کھیلوں کے فروغ کو اجاگر کرنا ہے:نعیم شیخ
کراچی: چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ کی زیرِ قیادت ہفتہ ”معرکۂ حق“ کے سلسلے میں شہید ذولفقار علی بھٹو کرکٹ اکیڈمی (عیدگاہ گراؤنڈ) میں ”معرکۂ حق کرکٹ ٹورنامنٹ“ کا شاندار اور جوش و خروش سے بھرپور انعقاد کیا گیا۔
اس پروقار اسپورٹس ایونٹ میں نوجوانوں، کھلاڑیوں، سماجی شخصیات اور اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ وطن سے محبت، قومی یکجہتی اور کھیلوں کے فروغ کا خوبصورت منظر دیکھنے میں آیا۔ ٹورنامنٹ کا آغاز خصوصی افراد کی احساس ویلفیئر اورگنائزیشن کی دو ٹیموں کے درمیان نمائشی اور دلچسپ میچ سے کیا گیا۔
خصوصی افراد نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے حاضرین کے دل جیت لئے اور اپنی صلاحیتوں، جذبے اور کھیل سے محبت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ گراؤنڈ میں موجود شائقین نے کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی اور ان کے عزم و حوصلے کو خوب سراہا۔ بعدازاں چار مضبوط ٹیموں (چیئرمین الیون، ٹک ٹاک الیون، اسد الیون، PS-90 الیون) کے درمیان سنسنی خیز اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے میں آئے۔
کھلاڑیوں نے بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شائقین کو بھرپور تفریح فراہم کی۔ٹورنامنٹ کے فائنل مقابلے میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ٹیم اسد الیون نے ٹرافی اپنے نام کرلی جبکہ کامیاب کھلاڑیوں اور ٹیموں میں انعامات اور ٹرافیاں بھی تقسیم کی گئیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ نے کہا کہ ہفتہ ”معرکۂ حق“ کا مقصد نوجوانوں میں حب الوطنی، اتحاد، مثبت سرگرمیوں اور کھیلوں کے فروغ کو اجاگر کرنا ہے۔خصوصی افراد معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور ان کی صلاحیتوں کو سامنے لانے کے لئے ایسے پروگرامز کا انعقاد نہایت ضروری ہے۔
