گلبرگ ٹاؤن کا انقلابی اقدام، ہزاروں طلبہ کو 10 ہزار مالیت کے تعلیم کارڈ دینے کی تیاری مکمل
گلبرگ ٹاؤن کا انقلابی اقدام — “تعلیم کارڈ” پروگرام کے ذریعے ہزاروں طلبہ کو 10 ہزار مالیت کے تعلیم کارڈ دئے جائینگے۔*
کراچی: گلبرگ ٹاؤن کی جانب سے طلبہ کی تعلیمی معاونت کے لیے “تعلیم کارڈ” پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت ہزاروں طلبہ کو تعلیم کارڈ فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ اپنی تعلیمی ضروریات باعزت انداز میں پوری کر سکیں۔
گلبرگ ٹاؤن میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ گلبرگ ٹاؤن پاکستان کا پہلا ٹاؤن ہے جو طلبہ کو تعلیم کارڈ فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پانچ سے سولہ سال کی عمر کے دو کروڑ باسٹھ لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں جبکہ سندھ میں یہ تعداد 78 لاکھ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 900 اسکولوں سے تعلیم کارڈ کے لیے درخواستیں موصول ہوئیں اور یہ پروگرام والدین کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پورا نظام پیپر لیس اور کیش لیس بنایا گیا ہے اور موبائل اپلیکیشن کے زریعہ تمام ٹرانزیکشنز کو ریکارڈ کیا جائیگا تاکہ شفافیت اور آسانی کو یقینی بنایا جا سکے۔
منعم ظفر خان نے کہا کہ جماعت اسلامی جہاں بھی عوامی خدمت کا موقع پاتی ہے وہاں عملی اقدامات کے ذریعے خدمت انجام دیتی ہے۔ انہوں نے گلبرگ ٹاؤن کی جانب سے اسکولوں کی بحالی، ہریالی کے فروغ اور واٹر ہارویسٹنگ کے منصوبوں کو بھی سراہا اور کہا کہ عوام کا اعتماد اسی خدمت کے تسلسل سے قائم رہے گا۔
گلبرگ ٹاؤن کے چیئرمین نصرت اللہ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ ٹاؤن کی بنیادی ذمہ داری میونسپل سروسز کی فراہمی ہے، تاہم گلبرگ ٹاؤن نے تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بھی عملی اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کارڈ کے لیے خطیر رقم مختص کی گئی ہے تاکہ سرکاری اور نجی اسکولوں کے طلبہ یکساں طور پر اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم اب ایک مہنگا ذریعہ بن چکی ہے اور والدین کے لیے بچوں کو معیاری تعلیم دلانا مشکل ہو رہا ہے۔ گلبرگ ٹاؤن ایک ایسا باشعور معاشرہ تشکیل دینا چاہتا ہے جو مستقبل میں ملک کی ترقی میں مثبت کردار ادا کرے۔
تعلیم کارڈ کے ذریعے تیسری تا آٹھویں جماعت کے طلبہ کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی، جبکہ ہر کارڈ کے ذریعے 10 ہزار روپے تک اسٹیشنری، جوتے اور یونیفارم کی خریداری ممکن ہوگی۔ طلبہ مخصوص کتابوں اور یونیفارم کی دکانوں سے اپنی ضروری اشیاء خرید سکیں گے۔
اس موقع پر بتایا گیا کہ 9 مئی 2026 بروز ہفتہ رات 7 بجے گلبرگ جمخانہ فیڈرل بی ایریا بلاک 10 نزد مدینہ مسجد میں ایک بڑی تقریب منعقد ہوگی، جہاں تعلیم کارڈ کے کامیاب طلبہ کو کارڈز جاری کیے جائیں گے۔ اس پروگرام کے لیے طلبہ اپنے گیٹ پاس taleemcard.tmcgulberg.com سے ڈاؤن لوڈ کر سکیں گے۔
پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ تقریب کے مہمانِ خصوصی حافظ نعیم الرحمٰن ہوں گے۔
فیڈرل بی ایریا ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے عبداللہ عابد اور مسرور علوی نے تعلیم کارڈ پروگرام کے لیے صنعتکاروں کی جانب سے 30 لاکھ روپے تعاون کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ہی وہ واحد شعبہ ہے جس کے ذریعے نوجوانوں کو ملک و قوم کے لیے مفید بنایا جا سکتا ہے۔
پاکستان انٹرنیشنل بزنس فورم کے سہیل عزیز نے کہا کہ ملک میں ساڑھے تین کروڑ بچے اسکول نہیں جاتے جبکہ تعلیم حاصل کرنے والے بچے بھی مہنگائی کے باعث مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدا میں 10 لاکھ روپے عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، مگر گلبرگ ٹاؤن کے عزم کو دیکھتے ہوئے یہ رقم بڑھا کر 35 لاکھ روپے کر دی گئی۔
واضح رہے کہ گلبرگ ٹاؤن اس سے قبل اپنی 11 میں سے 8 اسکول عمارتوں کی بحالی مکمل کر چکا ہے جبکہ متعدد اسکولوں کو ماڈل گورنمنٹ اسکول کا درجہ بھی دیا جا چکا ہے۔
