گڈاپ ٹاؤن کی جانب سے مختلف علاقوں میں ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے لیے سبیل اور خصوصی کیمپس قائم
کراچی: ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گڈاپ کے چیئرمین طارق عزیز بلوچ، وائس چیئرمین جام محمد جوکھیو اور میونسپل کمشنر ملک مجتبیٰ ایاز نے ہیٹ اسٹروک الرٹ جاری ہونے کے بعد خصوصی ہدایات پر گڈاپ ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے لیے سبیل اور خصوصی کیمپس قائم کر دیے۔
چیف میڈیکل آفیسر گڈاپ ٹاؤن ڈاکٹر لبنیٰ مقبول نے مختلف ہیٹ اسٹروک کیمپس کا دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر چیئرمین طارق عزیز بلوچ نے کہا کہ ملک بھر میں شدید گرمی اور ہواؤں کے رکنے کے باعث ہیٹ اسٹروک کے خطرات میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ موسم گرما کی شدت اور درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کے پیش نظر ان کیمپس کا مقصد عوام کو فوری طبی امداد، ٹھنڈے مشروبات، صاف پانی اور سایہ دار مقامات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے تاکہ شہریوں کو ہیٹ اسٹروک کے نقصانات سے محفوظ رکھا جا سکے۔
میونسپل کمشنر ملک مجتبیٰ ایاز نے گڈاپ ٹاؤن کے تمام عملے کو ہدایت دی کہ وہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کریں اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
وائس چیئرمین جام محمد جوکھیو نے اپنے پیغام میں شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ بزرگ افراد غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، اور اگر باہر جانا ضروری ہو تو سر کو ڈھانپ کر رکھیں اور وقفے وقفے سے پانی کا استعمال جاری رکھیں۔ گڈاپ ٹاؤن کی اہم شاہراہوں اور مختلف مقامات پر پانی، سایہ اور طبی امداد کے کیمپس قائم کیے گئے ہیں تاکہ عوام زیادہ سے زیادہ مستفید ہو سکے۔
