چیئرمین صدر ٹاؤن منصور احمد شیخ کی جانب سے لیبر ڈے کے موقع پر پیغام
کراچی: چیئرمین صدر ٹاؤن منصور احمد شیخ نے یکم مئی، لیبر ڈے کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں محنت کشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزدور کسی بھی معاشرے کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت اور ترقی کا دارومدار انہی محنت کش افراد کی انتھک محنت، لگن اور قربانیوں پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ یومِ مزدور ہمیں اس عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم مزدوروں کے حقوق کے تحفظ، ان کی فلاح و بہبود اور بہتر روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ چیئرمین صدر ٹاؤن نے کہا کہ موجودہ دور میں مہنگائی اور معاشی چیلنجز کے پیشِ نظر مزدور طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہے، جس کے لیے حکومت اور متعلقہ اداروں کو فوری اور مؤثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
منصور احمد شیخ نے مزید کہا کہ صدر ٹاؤن کی انتظامیہ مزدوروں کی بہتری کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے، جن میں صفائی ستھرائی کے عملے، بلدیاتی کارکنان اور دیگر محنت کشوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا شامل ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ مزدوروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور ان کے حقوق کا ہر ممکن تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایک ایسا معاشرہ تشکیل دیا جائے گا جہاں ہر مزدور کو عزت، مناسب اجرت اور محفوظ کام کا ماحول میسر ہو۔ آخر میں انہوں نے تمام محنت کشوں کو یومِ مزدور کی مبارکباد دی اور کہا کہ ہمیں مل کر ایک خوشحال اور مضبوط پاکستان کی تعمیر کے لیے کام کرنا ہوگا۔
