امیر جماعت اسلامی کراچی اور چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نے علامہ شبیر عثمانی اسکول کا افتتاح کر دیا
کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ کے ہمراہ دستگیر بلاک 14 میں واقع علامہ شبیر عثمانی اسکول کا تزئین و آرائش کے بعد باقاعدہ افتتاح کر دیا۔
اس موقع پر چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ نے مہمانِ خصوصی کو اسکول کے مختلف حصوں کا دورہ کروایا اور مکمل ہونے والے ترقیاتی و تعمیراتی کاموں سے آگاہ کیا۔ امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے اسکول میں زیر تعلیم بچوں اور اساتذہ سے ملاقات کی، ان سے گفتگو کی اور تعلیمی ماحول کو بہتر بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔
انہوں نے اسکول میں ہونے والے تعمیراتی اور تزئین و آرائش کے کام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ معیاری تعلیمی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ اس موقع پر انہوں نے پری پرائمری کے بچوں میں کتابیں بھی تقسیم کیں اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔
اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ معیاری تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے، اور تعلیمی اداروں کی بہتری دراصل ہمارے مستقبل کی تعمیر ہے۔ بہتر اور سازگار تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے تاکہ بچے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم حاصل کر سکیں۔ اسکولوں کی تزئین و آرائش اور بنیادی سہولیات کی فراہمی سے نہ صرف طلبہ کی تعلیمی استعداد میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ اساتذہ بھی بہتر ماحول میں اپنی ذمہ داریاں انجام دے سکتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کراچی بھر میں سرکاری تعلیمی اداروں کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
اس موقع پر چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ نے کہا کہ تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہے۔ گلبرگ ٹاؤن میں تعلیمی اداروں کی بہتری، تزئین و آرائش اور جدید سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ علامہ شبیر عثمانی اسکول کی تزئین و آرائش کا مقصد بچوں کو ایک بہتر، محفوظ اور خوشگوار تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ یکسوئی کے ساتھ تعلیم حاصل کر سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے تعلیمی اداروں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں تاکہ نئی نسل کو معیاری تعلیم اور بہترین سہولیات میسر آ سکیں۔چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نے مزید کہا کہ بچوں کی تعلیم پر سرمایہ کاری دراصل روشن مستقبل میں سرمایہ کاری ہے، اور گلبرگ ٹاؤن کی انتظامیہ تعلیم کے فروغ اور تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی کامران سراج، نائب امیر ضلع وسطی فاروق نعمت اللہ،یو سی چیئرمین وائس چیئرمین کونسلرز تعلیمی کمیٹی ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن دیگر بلدیاتی افسران اساتذہ بچوں اور میڈیا کی کثیر تعداد موجود تھی۔
