گلبرگ ٹاؤن میں تعلیم کارڈ کے لیے ہزاروں درخواستیں موصول،جانچ اور تصدیقی عمل کا آغاز
گلبرگ ٹاؤن جماعت اسلامی کے منتخب بلدیاتی نمائندوں کی جانب سے جاری کردہ "تعلیم کارڈ” پروگرام کو عوام کی جانب سے زبردست پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔ گلبرگ ٹاؤن میں اس فلاحی اقدام کے تحت اب تک ہزاروں درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔
چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ کی نگرانی میں متعلقہ ٹیموں نے موصول شدہ درخواستوں کی باقاعدہ جانچ پڑتال اور دستاویزات کی تصدیق کا عمل شروع کر دیا ہے، تاکہ مستحق طلبہ تک شفاف اور منصفانہ طریقے سے یہ سہولت پہنچائی جا سکے۔
انتظامیہ کے مطابق، درخواستوں کی تصدیق کے دوران تمام ضروری کوائف، تعلیمی ریکارڈ اور اہلیت کے معیار کو مدنظر رکھا جا رہا ہے۔ اس عمل کو مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا، جس کے بعد اہل درخواست دہندگان کو تعلیم کارڈ جاری کیے جائیں گے۔
یہ تعلیم کارڈ صرف مخصوص دکانوں پر قابلِ استعمال ہوگا، جہاں سے طلبہ اپنی تعلیمی ضروریات جیسے کتابیں، کاپیاں اور دیگر تعلیمی سامان حاصل کر سکیں گے۔
منتخب نمائندوں کا کہنا ہے کہ محدود وسائل کے باوجود تعلیم کے فروغ کے لیے ایسے اقدامات جاری رکھے جائیں گے، اور گلبرگ ٹاؤن کے سرکاری اسکولوں کو مزید بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
