سیسی ہیڈآفس میں APSAA کے نمائندگان کیلئے آگاہی سمینار کا انعقاد
کراچی: سندھ ایمپلائز سوشل سیکورٹی انسٹی ٹیوشن (سیسی)ہیڈآفس میں آل پاکستان سیکورٹی ایجنسیز ایسوسی ایشن (APSAA) کے نمائندگان کے لئے ایک آگاہی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ یہ پروگرام کمشنر سندھ سوشل سیکورٹی ہادی بخش کلہوڑو سے APSAA کے نمائندگان کے ساتھ گزشتہ میٹنگ میں ان کی درخواست پر کیا گیاجس میں مختلف سیکورٹی ایجنسیز ایسوسی ایشن کے نمائندگان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
APSAAکے چیئرمین جناب منیر احمد اپنی کابینہ اور دیگر ممبران کے ہمراہ شریک ہوئے۔ پروگرام میں وائس کمشنر سیسی سکندر بلوچ نے خصوصی شرکت کی ۔ پروگرام میں استقبالیہ خطاب میں ڈائریکٹر تعلقات عامہ تربیت تحقیق سیف اللہ خان نے ت APSAA کے چیئرمین، ان کے نمائدگان اور دیگر شرکاء کو خوش آمدید کہا۔
انہوں نے بتایا کہ یہ سمینار کمشنر سیسی کی ہدایات کی روشنی میں منعقد کیا گیا ہے۔ آئندہ بھی اس طرح کے پروگرام منعقد ہوتے رہیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ محنت کشون اور آجران کو سوشل سیکورٹی اسکیم سے آگاہی ہوسکے۔ پروگرام سے ڈائریکٹرکنٹری بیوشن اینڈ بینیفٹ وسیم جمال نے شرکاء کو سوشل سیکیورٹی سے متعلق قوانین، رجسٹریشن اور ، کنٹری بیوشن سے متعلق مفید تفصیل معلومات فراہم کیں۔ ان کےعلاوہ ڈائریکٹرایڈمنسٹریشن وکیل الدین کمال شاہ نے سمینار کے شرکاء کو سیسی میں محنت کشوں کو دیئے جانے والی طبی امداد اور مالی فوائد کے بارے میں آگاہ کیا۔
تقریب سے وائس کمشنر سیسی سکندربلوچ نے خطاب کرتے ہوئے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ ایسے آگاہی پروگرامز ادارے اور آجر برادری کے درمیان بہتر رابطوں اور باہمی تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوشل سیکیورٹی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطہ اور کوآرڈینیشن ضروری ہے۔
APSAA کے چیئرمین منیر احمد نے سیمینار کے انعقاد پر سیسی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے معلوماتی پروگرامز وقت کی اہم ضرورت ہیں، انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے پروگرامز کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔تقریب کے اختتام پر وائس کمشنر نے چیئرمین APSAA کو سیسی کی یادگاری شیلڈ اور اجرک کا تحفہ بھی پیش کیا۔
