ابرا اکیڈمی میں سالانہ یومِ نتائج نہایت جوش و خروش اور شاندار انداز میں منایا گیا
کراچی: ابرا اکیڈمی میں سالانہ یومِ نتائج نہایت جوش و خروش اور شاندار انداز میں منایا گیا، جس میں طلبہ و طالبات کی تعلیمی کامیابیوں کو سراہا گیا اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں انعامات و اسناد تقسیم کی گئیں۔
تقریب میں اساتذہ، والدین اور معزز شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی محمد نعیم شیخ تھے، جنہوں نے کامیاب طلبہ و طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قوم کا روشن مستقبل تعلیم یافتہ نوجوانوں سے وابستہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کے طلبہ و طالبات کل کے رہنما ہیں، اس لیے انہیں بہترین تعلیم، تربیت اور مثبت ماحول فراہم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
اس موقع پر بانی ابرا اکیڈمی مفتی عبدالغفور امجدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ IBRA Academy کا مقصد معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ بہترین اخلاقی تربیت فراہم کرنا ہے تاکہ طلبہ معاشرے کے مفید شہری بن سکیں۔ انہوں نے طلبہ کی کامیابیوں پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اساتذہ اور والدین کی کاوشوں کو بھی سراہا۔
تقریب کے دوران طلبہ نے مختلف ٹیبلوز، تقاریر اور ملی نغمے پیش کیے، جنہیں حاضرین نے خوب سراہا۔نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو ٹرافیاں، میڈلز اور سرٹیفکیٹس دیے گئے۔آخر میں انتظامیہ کی جانب سے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ IBRA Academy آئندہ بھی طلبہ کو اعلیٰ تعلیم اور بہترین تربیت فراہم کرنے کے لیے اپنی خدمات جاری رکھے گی۔
