چنیسر ٹاؤن نے سب سے زیادہ پراپرٹی ٹیکس وصول کرنے کا اعزاز حاصل  کرلیا

چنیسر ٹاؤن نے سب سے زیادہ پراپرٹی ٹیکس وصول کرنے کا اعزاز حاصل  کرلیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ سے ورلڈ بینک سندھ پراپرٹی ٹیکس ماڈرنائزیشن اینڈ انہانسمنٹ کے اعلیٰ سطحی وفد کی اہم ملاقات ، ملاقات میں صوبے میں پراپرٹی ٹیکس نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے، دائرہ کار کو وسعت دینے اور ریونیو میں خاطر خواہ اضافے کے لیے جامع حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ ملاقات میں صوبے میں پراپرٹی ٹیکس کی موجودہ صورتحال، درپیش چیلنجز، ڈیجیٹلائزیشن، ڈیٹا انٹیگریشن اور ادارہ جاتی استعداد کار میں بہتری کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق وفد کی قیادت سینئر اربن اسپیشلسٹ ڈیویژن مکینکا کر رہے تھے جبکہ اجلاس میں سیکریٹری لوکل گورنمنٹ، پی ڈی کلیک، پی ڈی یو آئی پی، پی ڈی سوئیپ، ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پراپرٹی ٹیکس کے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل کیا جائے گا، جائیدادوں کا جدید سروے اور ڈیٹا بیس تیار کیا جائے گا اور ٹیکس نیٹ کو وسعت دے کر زیادہ سے زیادہ پراپرٹیز کو رجسٹر کیا جائے گا تاکہ ریونیو میں پائیدار اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پراپرٹی ٹیکس کا دائرہ کار مرحلہ وار صوبے کے تمام ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز تک بڑھایا جائے گا جبکہ شہری اور نیم شہری علاقوں میں یکساں نظام نافذ کرنے کے لیے پالیسی اقدامات بھی کیے جائیں گے۔ اجلاس میں غیر منقولہ جائیداد کے ٹرانسفر ٹیکس کے نظام کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اس عمل کو سادہ، شفاف اور آن لائن بنانے پر زور دیا گیا تاکہ بدعنوانی کے امکانات کم کیے جا سکیں اور عوام کو آسانی فراہم ہو۔

وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ٹاؤن میونسپل کارپوریشن چنیسر نے سب سے زیادہ پراپرٹی ٹیکس وصول کرنے کا اعزاز حاصل کیا ہے جو دیگر ٹاؤنز کے لیے ایک مثال ہے، انہوں نے اعلان کیا کہ بہترین کارکردگی دکھانے والے ٹاؤنز کو اضافی ترقیاتی فنڈز اور مراعات فراہم کی جائیں گی تاکہ اداروں کے درمیان مثبت مسابقت کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ کارکردگی اور ریونیو میں نمایاں اضافہ کرنے والے افسران اور ادارے انعام اور حوصلہ افزائی کے مستحق ہیں۔ ناصر حسین شاہ نے واضح کیا کہ حکومت ٹیکس وصولیابی کے نظام کو گراس روٹ سطح تک لے جانے کے لیے پرعزم ہے تاکہ یونین کونسل کی سطح پر مالی و انتظامی استحکام حاصل ہو اور عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے نہ صرف شفافیت بڑھے گی بلکہ ریونیو لیکیجز کو بھی روکا جا سکے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت ہر اس منصوبے اور اقدام کی مکمل حمایت کرتی ہے جو چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق عوامی فلاح و بہبود اور سہولیات کی فراہمی میں معاون ثابت ہو، ان کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف دینا اور شہری خدمات کو بہتر بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ ٹیکس دہندگان کے لیے سہولت مراکز قائم کیے جائیں گے، آگاہی مہم چلائی جائے گی اور شکایات کے ازالے کے لیے مؤثر نظام متعارف کرایا جائے گا تاکہ عوام کا اعتماد بحال کیا جا سکے۔ وزیر بلدیات نے بتایا کہ ورلڈ بینک کی ٹیم جلد صوبے کے تمام ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز کا دورہ کرے گی جہاں مقامی سطح پر نظام کا جائزہ لے کر بہتری کے لیے سفارشات مرتب کی جائیں گی، اس عمل کے ذریعے نہ صرف ریونیو بیس میں اضافہ ہوگا بلکہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے وسائل بھی میسر آئیں گے جس سے شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں