سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور سائٹ ایسوسی ایشن کے درمیان صفائی و بہتری کے اقدامات پر اتفاق
کراچی: ایم ڈی سندھ سالڈویسٹ مینجمنٹ بورڈطارق علی نظامانی نے سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹریز کے اجلاس میں شرکت کی اس موقع پرانہوں نے سائٹ ایسوسی ایشن کے نئے صدر عبدلرحمن فدا کو مبارکباد پیش کی۔
اجلاس میں سائٹ ایسوسی ایشن کے سابق صدرمحمد عظیم علوی،، نائب صدرطاہرجوریجا، ذوالفقار احمد، سینئر نائب صدر سلیم احمد ناگریہ، ایم ڈی سائٹ لمیٹڈ سیدفواد احمد، ایگزیکٹو ڈائریکٹرایس ایس ڈبلیو ایم بی احسن رضااور چائنیز کمپنی کے عہدیداران کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔
اجلاس میں صفائی ستھرائی، کچرے کی منتقلی اور ماحولیاتی بہتری سے متعلق اہم فیصلے کئے گئے۔ایم ڈی سالڈ ویسٹ نے ایسوسی ایشن کی جانب سے نالوں کی صفائی کی درخواست پر کہا کہ نالوں کی صفائی سندھ سالڈ ویسٹ کا دائرہ اختیارنہیں ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ صنعتی علاقوں کی جانب سے بلوں کی مکمل ادائیگی کی صورت میں نالوں کی صفائی کا کام متعلقہ اداروں کی کوآرڈینیشن کے ساتھ مؤثر طریقے سے کیا جا سکے گا، کیونکہ اس وقت ادارے کے پاس نالوں کی صفائی کے لیے مخصوص مشینری اور علیحدہ افرادی قوت دستیاب نہیں ہے۔ جو فیکٹریز ابھی تک ایس ایس ڈبلیوایم بی کی ایپ پر رجسٹرڈ نہیں ہیں وہ جلد از جلد اپنی رجسٹریشن کرائیں اور سالڈ ویسٹ کی صنعتی علاقوں میں صفائی ستھرائی کی خدمات کے سلسلے میں ادائیگی یقینی بنائیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ گھریلو و صنعتی کچرا اٹھانے کے لیے موجودہ گاڑیاں کافی حد تک کام کر رہی ہیں، تاہم اس میں مزید اضافہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ماضی میں کمشنر کراچی کی ہدایت پر ملبہ ہٹانے کی ایک مہم بھی چلائی گئی تھی جو 3 سے 4 ماہ تک جاری رہی تھی۔اجلاس میں ایسوسی ایشن کی جانب سے دوبارہ ملبہ ہٹانے کی مہم شروع کرنے کی تجویز دی گئی، جس پر مثبت غور کیاجائے گا۔
ایم ڈی سالڈ ویسٹ نے کہا کہ کچرا چننے والوں اور غیر قانونی ڈمپنگ میں ملوث عناصر کے خلاف مشترکہ مہم چلائی جائے گی اور دفعہ 144 کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس سلسلے میں ڈمپنگ پوائنٹس کی فہرست بھی فراہم کی جائے گی۔ایسوسی ایشن کے صدر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شجرکاری، صفائی مہم اور مربوط حکمت عملی کے ذریعے صنعتی علاقوں میں صفائی ستھرائی اور ماحولیاتی صورتحال کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ اور نالوں میں کچرا نہ پھینکنے کی آگاہی مہم میں بھرپور تعاون کیا جائے گا۔ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈنے جب سے خدمات کا آغاز کیا ہے صفائی ستھرائی کا معیار بہتر ہوا ہے انہوں نے ایم ڈی سالڈ ویسٹ کا شکریہ ادا کیا اور آئندہ بھی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
