کسی بھی ادارے میں آڈٹ اکاؤنٹس افسران ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں:ہادی بخش کلہوڑو

کسی بھی ادارے میں آڈٹ اکاؤنٹس افسران ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں:ہادی بخش کلہوڑو

کراچی: کمشنر سندھ ایمپلائز سوشل سیکورٹی انسٹی ٹیوشن  ہادی بخش کلہوڑو نے کہا ہے کہ کسی بھی ادارے میں آڈٹ اور اکاؤنٹس افسران بنیادی حیثیت رکھتے ہیں اور انہیں ادارے کی ریڑھ کی ہڈی کہا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کی کارکردگی کو مؤثر انداز میں جانچنے، مالی نظم و ضبط برقرار رکھنے اور اخراجات کو بجٹ کے دائرہ کار میں رکھنے کے لیے مضبوط اور فعال چیک اینڈ بیلنس نظام ناگزیر ہے، جو کسی بھی ماڈل ادارے کی پہچان ہوتا ہے۔وہ شعبہ تعلقات عامہ  وتربیت تحقیق کے زیرانتظام ادارے آڈٹ و اکاؤنٹس افسران کے لیے منعقدہ ایک روزہ تربیتی کورس کے اختتامی سیشن سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر وائس کمشنر سکندر بلوچ، ڈائریکٹر کنٹری بیوشن اینڈ بینیفٹ وسیم جمال اور ادارے کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ کمشنر سیسی نے کہاکہ سندھ سوشل سیکورٹی ان اداروں میں شامل ہے جہاں مؤثر چیک اینڈ بیلنس کا نظام موجود ہے۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ بدلتے ہوئے تقاضوں سے ہم آہنگ رہتے ہوئے اپنی پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافہ کریں، جدید مالیاتی اصولوں اور آڈٹ کے تقاضوں سے باخبر رہیں اور اپنے تجربات و مشاہدات کو جونیئر افسران تک منتقل کریں تاکہ ادارہ جاتی کارکردگی میں مزید بہتری لائی جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تربیتی کورسز کا بنیادی مقصد نہ صرف افسران کی صلاحیتوں کو جِلا بخشنا ہے بلکہ ان کے درمیان مؤثر ورکنگ ریلیشن شپ کو فروغ دینا بھی ہے۔ انہوں نے ادارے کے شعبہ تربیت و تحقیق کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق اس نوعیت کے تربیتی پروگرامز کا باقاعدہ انعقاد ایک مثبت اور قابلِ ستائش اقدام ہے۔ کمشنر سیسی نے آڈٹ و اکاؤنٹس افسران کی کمی کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن اور ڈائریکٹر فنانس کو ہدایت کی کہ فوری طور پر ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی (DPC) کے ذریعے اہل افسران کی ترقی کا عمل مکمل کیا جائے تاکہ اس اہم شعبے میں درپیش افرادی قوت کی کمی کو دور کیا جا سکے۔ اس سے قبل افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وائس کمشنر سکندر بلوچ نے کہا کہ اس طرح کے تربیتی پروگرامز افسران کی پیشہ ورانہ استعداد بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلسل سیکھنے کا عمل ہی اداروں کی بہتری اور ترقی کی ضمانت ہوتا ہے اور ایسے کورسز کے ذریعے افسران کو جدید رجحانات سے ہم آہنگ ہونے کا موقع ملتا ہے۔ انہوں نے اس اقدام پر ڈائریکٹوریٹ تعلقات عامہ، تربیت و تحقیق کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کے پروگرامز تسلسل کے ساتھ منعقد کیے جاتے رہیں گے۔

تربیتی سیشن کے دوران ڈائریکٹر جی پی فنڈ، ڈاکٹر محمد فہیم نے شرکاء کو تفصیلی لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ جدید دور میں آڈٹ اور اکاؤنٹنگ کے تقاضے تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں، اس لیے افسران کے لیے ضروری ہے کہ وہ نئے مالیاتی نظام، شفافیت کے اصولوں اور احتساب کے تقاضوں کو سمجھتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مؤثر آڈٹ نہ صرف مالی نظم و ضبط کو یقینی بناتا ہے بلکہ ادارے کی ساکھ کو بھی مستحکم کرتا ہے۔ آخر میں کمشنر سندھ سوشل سیکیورٹی نے تربیت مکمل کرنے والے شرکاء میں اسناد تقسیم کیں اور ان کی پیشہ ورانہ ترقی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں