چیئرمین کورنگی ٹاؤن نے”کلین اینڈ گرین کورنگی“ مہم کا یوسی ون سے باقاعدہ آغازکردیا

چیئرمین کورنگی ٹاؤن نے”کلین اینڈ گرین کورنگی“ مہم کا یوسی ون سے باقاعدہ آغازکردیا

کراچی: کورنگی ٹاؤن میں صفائی اور شجرکاری کے فروغ کے لیے”کلین اینڈ گرین کورنگی“ مہم کا باقاعدہ آغاز یوسی1 قيوم آباد سے کر دیا گیا، جس میں اعلیٰ حکام نے بھرپور شرکت کی اور ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے خود پودہ لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز کیا۔ افتتاحی تقریب میں ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد، چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ، وائس چیئرمین کورنگی زرین اعوان، یوسی چیئرمین نوید راجپوت و اراکین کونسل، سندھ سولڈ ویسٹ مینیجمنٹ بورڈ کے افسران سمیت ٹی ایم سی کے تمام ڈائریکٹرز اور افسران نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر تمام شرکاء نے جھاڑو لگا کر عوام کو صفائی کی اہمیت کا عملی پیغام دیا۔ ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد نے اپنے خطاب میں کہا کہ کراچی کو صاف ستھرا اور سرسبز بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی ادارے شہر کی بہتری کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں اور اس مہم کے ذریعے شہریوں میں شعور بیدار کیا جا رہا ہے۔

چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ نے اس موقع پر کہا کہ” کلین اینڈ گرین کورنگی“ مہم کو ہر یونین کمیٹی تک پھیلایا ہے، سڑکوں کی صفائی، فٹ پاتھوں کی رنگ و روغن اور شجرکاری کے ذریعے کورنگی کو مثالی ٹاؤن بنایا جائے گا اور شہریوں کو بھی اس قومی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔

انہوں نے ہدایت دی کہ تمام متعلقہ محکمے اپنی کارکردگی مزید بہتر بنائیں اور شہر کے ہر کونے تک صفائی کے عمل کو یقینی بنائیں۔ وائس چیئرمین کورنگی زرین اعوان نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کورنگی ٹاؤن کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی تاکہ اس مہم کو کامیاب بنایا جا سکے اور عوام کو صاف ماحول فراہم کیا جا سکے اور روزانہ کی بنیاد پر صفائی کے عمل کی نگرانی میں خود کرونگا اور شہریوں کو کسی قسم کی شکایت نہیں ہوگی۔ ڈائریکٹر پارکس معین جت نے کہا کہ گرین بیلٹس اور پارکس میں شجرکاری مہم کو تیز کیا جائے گا اور نئے پودے لگا کر ماحول کو بہتر بنایا جائے گا۔

ڈائریکٹر سینی ٹیشن محمد یونس نے کہا کہ صفائی کے عملے کو مزید متحرک کر دیا گیا ہے اور روزانہ کی بنیاد پر گلیوں، سڑکوں اور بازاروں کی صفائی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

ڈائریکٹر ایل ٹی آر سردار خیر محمد نے کہا کہ ٹاؤن کے وسائل میں اضافہ اور ریونیو نظام کو بہتر بنانا بھی اس مہم کی کامیابی کے لیے اہم ہے اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایل ٹی آر وقاص خان نے کہا کہ حاصل ہونے والے وسائل کو صفائی، ترقیاتی کاموں اور شجرکاری پر خرچ کیا جائے گا تاکہ کورنگی کو ایک مثالی اور خود کفیل ٹاؤن بنایا جا سکے۔

تقریب کے اختتام پر تمام افسران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کورنگی ٹاؤن کو صاف، سرسبز اور خوبصورت بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور شہریوں کو بھی اس مہم میں بھرپور شرکت کی دعوت دی گئی۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں