
کراچی:جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی نے کہا کہ تمام افراد کو ساتھ لے کرچلنے اور برابری کی بنیاد پر حقوق فراہم کرنے والے معاشرے ترقی یافتہ اور مثالی قراردیئے جاتے ہیں۔یورپین ممالک کی معیشت کی مضبوطی کی بڑی وجہ جنگوں سے مکمل احتراز اور اشتراکیت کا فروغ ہے۔جامعہ کراچی میں ڈیفرنٹلی ایبل اسٹوڈنٹس کے لئے کوٹہ مختص نہیں بلکہ جتنے بھی طلبہ داخلہ فارم جمع کراتے ہیں انہیں داخلہ دے دیاجاتاہے نہ صرف یہ بلکہ انہیں مکمل فری شپ کی سہولت بھی فراہم کی جاتی ہے،اس کے ساتھ ساتھ ڈیفرنٹلی ایبل اسٹوڈنٹس ٹرانسپورٹ کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے جامعہ کراچی کے پوائٹنس بسوں میں بھی سیٹیں مختص کی گئی ہیں تاکہ انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرناپڑے۔ ڈیفرنٹلی ایبل اسٹوڈنٹس کی سہولت کے پیش نظرجوزسافٹ ویئر کی باقاعدہ طور پر اکیڈمک کونسل سے منظوری لی گئی تاکہ رائٹر کی تلاش کے لئے ان کو درپیش مشکلات کاسدباب ہوسکے۔جامعہ کراچی خصوصی طلبہ کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے جس کا اندازہ خصوصی طلبہ کو فراہم کرنے والی سہولیات سے بخوبی لگایاجاسکتاہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے دفترمشیر امورطلبہ جامعہ کراچی کی انکلوسیواسٹوڈنٹس سوسائٹی کے زیر اہتمام جامعہ کراچی میں زیرتعلیم اورفارغ التحصیل ڈیفرنٹلی ایبل اسٹوڈنٹس کے لئے آڈیوویژول سینٹرجامعہ کراچی میں منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ڈاکٹر خالد عراقی نے تقریب میں شریک خصوصی طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو اپنے والدین کا شکرگزار ہوناچاہیئے کہ انہوں نے آپ کی اعلیٰ تعلیم تک رسائی مکن بنانے کے ساتھ آپ کی معذوری کو آپ کی طاقت بناکر اس مقام پر لاکھڑاکیا۔
اس موقع پرجامعہ کراچی میں زیر تعلیم اورفارغ التحصیل ڈیفرنٹلی ایبل اسٹوڈنٹس نے جامعہ کراچی میں فراہم کی جانے والی سہولیات،کامیابیوں اور اپنے تجربات سے شرکاء کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ کراچی کی جانب سے ڈیفرنٹلی ایبل اسٹوڈنٹس کو فراہم کی جانے والی سہولیات لائق تحسین اور قابل تقلیدہے۔دیگر جامعات کو بھی چاہیئے کہ وہ ڈیفرنٹلی ایبل اسٹوڈنٹس کو جامعہ کراچی کی طرح سہولیات فراہم کریں تاکہ یہ طلبہ بھی معاشرے کی ترقی میں اپنا کرداراداکرسکیں۔جدید ٹیکنالوجی نے کافی آسانیاں پیداکردی ہیں آپ یہ ہم پر منحصر ہے کہ ہم اس سے کتنا استفادہ کرتے ہیں۔
اس موقع پرشعبہ کمپیوٹرسائنس جامعہ کراچی کے اسسٹنٹ پروفیسرو سابق مشیر امورطلبہ جامعہ کراچی ڈاکٹر سید عاصم علی نے ڈیفرنٹلی ایبل اسٹوڈنٹس کو جامعہ کراچی فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ شیخ الجامعہ پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی ڈیفرنٹلی ایبل اسٹوڈنٹس کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لئے ہمہ وقت کوشاں رہتے ہیں۔
مشیر امورطلبہ جامعہ کراچی ڈاکٹر نوشین رضانے کہا کہ جامعہ کراچی ڈیفرنٹلی ایبل اسٹوڈنٹس کو نصابی سرگرمیوں کے ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں کے بھی بھرپورمواقع فراہم کررہی ہے اور یہ طلبہ ہر شعبہ ہائے زندگی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہامنوارہے ہیں۔جامعہ کراچی ڈیفرنٹلی ایبل اسٹوڈنٹس کے لئے ایک الگ انکلوسیواسٹوڈنٹس سوسائٹی قائم کی گئی ہے جس کی سربراہی بذات خود شیخ الجامعہ کررہے ہیں۔
