
نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کی صدارت میں انسداد پولیو کی نیشنل ٹاسک فورس کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا، انہیں بریفنگ بھی دی گئی۔
وزیراعظم نےانسداد پولیو کے لیے وزارت صحت، نیشنل ٹاسک فورس، صوبائی حکومت و انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کوششوں کو سراہا۔
نگران وزیر اعظم نے کہا کہ پولیو کے ملک سے مکمل خاتمے کیلئے معاشرے کے ہر طبقے کو اس قومی فریضے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، ملک کے بچوں کے محفوظ اور صحتمند مستقبل کیلئے ہر کسی کو اس مقدس مشن کا حصہ بننا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ علماء، اساتذہ، والدین اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو انسداد پولیو کی آگہی مہم کا حصہ بنایا جائے، انسداد پولیو مہم کے دوران پولیو ورکرز کی سیکیورٹی یقینی بنائی جائے اورجن اضلاع میں پولیو وائرس کی موجودگی کی اطلاع ہے وہاں خصوصی انسداد پولیو مہم چلائی جائے۔
اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ گزشتہ برس پولیوکے بیس جبکہ رواں سال اب تک صرف دوکیس رپورٹ ہوئے ہیں، جس کی بڑی وجہ قومی سطح پر انسداد پولیو مہم کا تسلسل ہے۔
اعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ سندھ، پنجاب اور بلوچستان، بشمول گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر ، پولیو سے بالکل پاک ہے جبکہ رواں سال خیبر پختونخوا میں اب تک صرف بنوں میں دو کیسز کی نشاندہی ہوئی ہے۔
