پاک بھارت جنگ میں 11 طیارے گرائے گئے:ڈونلڈ ٹرمپ کا ایک بار پھر بیان
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان 2025 کی جنگ کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اس دوران 11 طیارے گرائے گئے تھے۔
فلوریڈا میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے دونوں جوہری طاقتوں کے درمیان جنگ رکوانے کے لیے تجارتی پابندیوں اور بھاری ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی دی تھی۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے دنیا بھر میں آٹھ جنگیں رکوانے میں کردار ادا کیا، لیکن اس کے باوجود انہیں نوبیل امن انعام نہیں ملا۔ ان کے مطابق ان میں سے پانچ تنازعات کو ٹیرف کے ذریعے روکنے میں مدد ملی۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت کو واضح پیغام دیا تھا کہ اگر جنگ بند نہ کی گئی تو دونوں ممالک پر بھاری تجارتی ٹیرف عائد کیے جائیں گے اور انہیں امریکا کے ساتھ تجارت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
امریکی صدر نے مزید دعویٰ کیا کہ جنگ رکوانے میں اقوام متحدہ نے کوئی مدد نہیں کی اور تمام جنگیں رکوانا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔
