چیئرمین صدر ٹاؤن منصور احمد شیخ کی زیر صدارت مختلف ترقیاتی کاموں کے حوالے سے اجلاس
کراچی: چیئرمین صدر ٹاؤن منصور احمد شیخ کی زیر صدارت صدر ٹاؤن کے مختلف بلدیاتی شعبہ جات کے سربراہان اور متعلقہ افسران کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کا بنیادی مقصد ٹاؤن میں جاری بلدیاتی و انتظامی امور، ترقیاتی کاموں، شہری سہولیات اور مختلف شعبہ جات کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لینا تھا۔
اجلاس میں میونسپل کمشنر صدر ٹاؤن ذیشان صالح،ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن محمد رئیسی، سینئر ڈائریکٹر فنانس زوہیب شاہ، سپرٹینڈنٹ انجینئر بی اینڈ آر سلمان رحمٰن میمن سپرٹینڈنٹ انجینئر ایم اینڈ ای ممتاز علی زرداری ڈائریکٹر پارکس عاصم علی خان،ڈائریکٹر پراپرٹی ٹیکس محمد وزیر، ڈائریکٹر چارج پارکنگ بشیر میمن، ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ علی مراد،ڈائریکٹر انسدادِ تجاوزات،ڈائریکٹر این او سی،ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن سید فرحان اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران تمام افسران نے اپنے اپنے شعبہ جات کی کارکردگی، جاری امور اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے چیئرمین صدر منصور شیخ کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر ٹریڈ، اینٹی انکروچمنٹ، ایڈورٹائزمنٹ، این او سی، پراپرٹی ٹیکس، چارج پارکنگ، فنانس، صحت، انتظامی امور سمیت دیگر متعلقہ شعبہ جات کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
چیئرمین صدر ٹاؤن نے اس موقع پر کہا کہ عوام کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں ہم تمام یونین کمیٹیوں میں بلا تفریق و امتیاز ترقیاتی کاموں کروارہے ہیں منصور احمد شیخ نے ہدایت کی کہ تمام شعبہ جات اپنے فرائض ذمہ داری، شفافیت اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں، جبکہ شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی بلدیاتی شکایات پر بلا تاخیر کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ فیلڈ میں عملے کی موجودگی، جاری کاموں کی نگرانی اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو۔
انہوں نے واضح کیا کہ ٹریڈ لائسنس، این او سی، ایڈورٹائزمنٹ، پراپرٹی ٹیکس، چارج پارکنگ اور دیگر بلدیاتی معاملات میں قواعد و ضوابط پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے جبکہ اینٹی انکروچمنٹ کے حوالے سے بھی مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں تاکہ شہریوں کو درپیش مسائل کا بروقت ازالہ ممکن ہو۔
میونسپل کمشنر صدر ذیشان صالح نے کہا کہ صدر ٹاؤن کی بہتری، شہریوں کو بنیادی و جدید بلدیاتی سہولیات کی فراہمی اور عوامی مسائل کا فوری حل ہماری اولین ترجیح ہے۔ تمام افسران اپنے اپنے شعبہ جات کی کارکردگی میں مزید بہتری لائیں اور فیلڈ ورک کو مؤثر بنائیں۔ کام میں کسی بھی قسم کی غفلت، سستی یا غیر ذمہ داری برداشت نہیں کی جائے گی۔
