میئرکراچی نے توری بنگش روڈ 30 ستمبر سےعوام کے لئے کھول نے کا اعلان کردیا
کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے زیرِ تعمیر توری بنگش روڈ کے ترقیاتی کام کا تفصیلی معائنہ کیا اور منصوبے کو 30 ستمبر تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر کردی۔
اس موقع پر محکمہ انجینئرنگ کے افسران نے جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے میئر کراچی کو تفصیلی بریفنگ دی
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ توری بنگش روڈ ضلع غربی اورنگی اور کیماڑی کو حب ریور روڈ سے منسلک کرنے والا اہم متبادل راستہ ہوگا، تقریباً ایک ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے اس منصوبے سے ان علاقوں کے شہریوں کو سفری سہولیات میسر آئیں گی اور روزانہ ہزاروں شہریوں کا سفر آسان ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ توری بنگش روڈ پر نیا برساتی نالہ بھی تعمیر کیا جا رہا ہے جس کا کام آئندہ چند روز میں مکمل کرلیا جائے گا جس کے بعد سڑک کی تعمیر کا کام مکمل کیا جائے گا، ہمارا ہدف ہے کہ 30 ستمبر سے قبل سڑک کو مکمل کرکے عوام کے لیے کھول دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ توری بنگش روڈ ضلع غربی اورنگی اور کیماڑی کے عوام کا ایک اہم مسئلہ تھا، اس منصوبے کی تکمیل سے شہریوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی اور مختلف علاقوں کے درمیان آمدورفت مزید آسان ہوگی، متبادل راستہ فراہم ہونے سے مرکزی شاہراہوں پر ٹریفک کے دباؤ میں بھی کمی آئے گی، برساتی نالے کی تعمیر بھی منصوبے کا اہم حصہ ہے جس سے بارش کے دوران پانی کی نکاسی بہتر بنانے میں مدد ملے گی، سڑک اور برساتی نالے کا کام مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں تاکہ شہریوں کو جلد از جلد اس منصوبے کے ثمرات حاصل ہوسکیں۔
میئر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر کے ہر حصے میں ترقیاتی کام کررہی ہے اور رواں سال جاری منصوبوں کو مکمل کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، کراچی کی بنیادی سہولیات اور انفراسٹرکچر میں بہتری کے لیے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے، کراچی بہتری کی جانب گامزن ہے، پاکستان پیپلز پارٹی ہی کراچی کو دوبارہ روشنیوں کا شہر بنا سکتی ہے۔
