گڈاپ ٹاؤن چیئرمین اور میونسپل کمشنر کی قیادت میں یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر ریلی کا انعقاد
کراچی: ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گڈاپ کے چیئرمین طارق عزیز بلوچ اور میونسپل کمشنر ملک مجتبیٰ ایاز کی قیادت میں یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر گڈاپ ٹاؤن میں ایک پروقار ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
ریلی میں اراکینِ کونسل، محکمہ جاتی افسران، ملازمین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کرتے ہوئے کشمیر کے عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اور بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی۔
اس موقع پر چیئرمین طارق عزیز بلوچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ 5 اگست یومِ استحصالِ کشمیر کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کی یاد تازہ کرتا ہے۔ بھارت نے 5 اگست کو کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرکے بین الاقوامی قوانین، اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کی۔ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کی حقِ خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں ہمیشہ ان کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کا حل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق یقینی بنانے کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔(ان شاء اللہ) کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور آزادی کی منزل ضرور حاصل ہوگی۔
میونسپل کمشنر ملک مجتبیٰ ایاز نے کہا کہ یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلیاں، سیمینارز اور دیگر تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔ گڈاپ ٹاؤن بھی اس قومی مقصد میں بھرپور انداز سے شریک ہے۔ کشمیری عوام کی قربانیاں تاریخ کا روشن باب ہیں اور عالمی ضمیر کو بیدار کرنے کے لیے ہر فورم پر ان کی آواز بلند کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ریلی میں پارلیمانی لیڈر کونسل ممبر میر عباس ٹالپور، کونسل ممبر داد کریم بلوچ،کونسل ممبر امن دین جوکھیو، کونسل ممبر دانش برفت، لیڈی کونسل ممبر ثمینہ زرداری سمیت محکمہ جاتی افسران اور دیگر ملازمین بھی موجود تھے۔
