ٹی ایم سی گلبرگ کے تحت واٹر پمپ میں ماڈل آٹو پارٹس مارکیٹ کا افتتاح

ٹی ایم سی گلبرگ کے تحت واٹر پمپ میں ماڈل آٹو پارٹس مارکیٹ کا افتتاح

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے امیر جماعت اسلامی ضلع گلبرگ وسطی کامران سراج اور چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ کے ہمراہ ٹی ایم سی گلبرگ کے تحت فیڈرل بی ایریا بلاک 14، یوسی 4 واٹر پمپ میں تعمیر کی گئی ماڈل آٹو پارٹس مارکیٹ کا افتتاح کردیا۔ افتتاحی تقریب میں وائس ٹاؤن چیئرمین محمد الیاس، سیکریٹری ضلع وسطی سید احمد، چیئرمین یوسی 4 نصیر آباد سید عظیم اللہ حسینی، وائس چیئرمین اویس بیگ، ماڈل اسپیئر پارٹس ایسوسی ایشن کے صدر محمد اقبال صدیقی، جنرل سیکریٹری شعیب صدیقی، ناظم علاقہ توصیف اقبال، تاجروں اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ ماڈل آٹو پارٹس مارکیٹ کراچی کی بڑی اور اہم مارکیٹوں میں شمار ہوتی ہے۔ یوم آزادی کے موقع پر اس مارکیٹ کے لیے جدید سڑک کی تعمیر اہلِ علاقہ اور تاجروں کے لیے ایک تحفہ ہے۔ یہاں 80 ایم ایم کے معیاری پیور بلاکس بچھائے گئے ہیں جبکہ جدید اسٹریٹ لائٹس بھی نصب کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو کام گزشتہ 20 برسوں میں نہ ہوسکا، وہ جماعت اسلامی کی منتخب بلدیاتی قیادت نے مختصر مدت میں کرکے دکھایا ہے۔

منعم ظفر خان نے کہا کہ جماعت اسلامی کی منتخب قیادت اندھیروں میں روشنی کا چراغ ثابت ہو رہی ہے۔ کراچی پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، مگر بدقسمتی سے اس کا انفراسٹرکچر تباہ حالی کا شکار ہے۔ شہر کے تقریباً 50 فیصد حصے میں پانی کی شدید قلت ہے جبکہ باعزت اور معیاری پبلک ٹرانسپورٹ بھی میسر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج تقریباً 40 لاکھ موٹر سائیکلیں کراچی کی سڑکوں پر چل رہی ہیں کیونکہ شہری بہتر سفری سہولتوں سے محروم ہیں۔ جماعت اسلامی کراچی کے عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی اور خدمت کا سفر جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے زیر انتظام 9 ٹاؤنز میں جاری ترقیاتی منصوبے اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ ہماری سیاست کا محور صرف خدمتِ خلق ہے اور عوام کا پیسہ عوام پر ہی خرچ کیا جا رہا ہے۔

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع گلبرگ وسطی کامران سراج نے کہا کہ گلبرگ ٹاؤن میں پارک بحال کیے جا رہے ہیں، نئی سڑکیں تعمیر ہورہی ہیں اور کھیلوں کے میدان دوبارہ آباد کیے جا رہے ہیں۔ گلبرگ ٹاؤن کراچی کے ماتھے کا جھومر ہے اور واٹر پمپ کے تاجروں اور مکینوں نے جماعت اسلامی پر جس اعتماد کا اظہار کیا، منتخب قیادت نے اسے عملی خدمت سے ثابت کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹاؤن بھر میں گلیاں روشن کی گئیں، سیوریج کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور اقدامات کیے گئے۔ اگرچہ سیوریج ٹاؤن کے دائرہ اختیار میں نہیں، اس کے باوجود کروڑوں روپے خرچ کرکے عوام کو ریلیف فراہم کیا گیا۔ اگر یہ وسائل سیوریج پر خرچ نہ کرنا پڑتے تو مزید سڑکیں تعمیر کی جاسکتی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام اسی طرح اعتماد برقرار رکھیں تو گلبرگ ٹاؤن کو مزید خوبصورت، روشن اور ترقی یافتہ بنایا جائے گا۔

چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ اللہ تعالیٰ کی توفیق سے ہم نے ہمیشہ خیر اور نیکی کے کام کیے ہیں اور یہی خدمت ہمارے لیے باعثِ برکت ہے۔ انہوں نے یوسی چیئرمین سید عظیم اللہ حسینی اور ان کی پوری ٹیم کو ماڈل آٹوپارٹس مارکیٹ کا منصوبہ کامیابی سے مکمل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ واٹر پمپ کی یہ مارکیٹ صرف ضلع وسطی ہی نہیں بلکہ کراچی کی بڑی تجارتی مارکیٹوں میں شمار ہوتی ہے، اس لیے اس کی ترقی اولین ترجیح تھی۔

نصرت اللہ نے کہا کہ مارکیٹ میں معیاری 80 ایم ایم پیور بلاکس نصب کیے گئے، سیوریج، پانی اور سوئی گیس کی لیکیجز ختم کی گئیں، سیوریج لائنوں کی مرمت کی گئی اور پورے علاقے کو روشن کرنے کے لیے جدید اسٹریٹ لائٹس نصب کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کسی پر احسان نہیں بلکہ عوام کی اپنی امانت تھی جو بہتر انداز میں انہی کو واپس کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلبرگ ٹاؤن میں تمام ترقیاتی منصوبے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کے وژن کے مطابق مکمل کیے جا رہے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے ہدایت دی تھی کہ اختیارات کی کمی کا رونا رونے کے بجائے عوامی خدمت کو ترجیح دی جائے، اور آج جماعت اسلامی کی قیادت اسی وژن پر عمل کرتے ہوئے عوام کا پیسہ عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کر رہی ہے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں