سوات: پولیس اسٹیشن کے قریب دھماکا، 7 افراد جاں بحق
خیبرپختونخوا کے سیاحتی شہر سوات کے علاقے کبل میں پولیس اسٹیشن کے قریب دھماکے میں 7 افراد جاں بحق اور 18 زخمی ہوگئے۔
ڈی پی او سوات عمر گنڈاپور نے کہا کہ کبل تھانے کے گیٹ کے قریب دھماکا ہوا، جس میں 4 پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد شہید ہوگئے۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) مالاکنڈ سید فدا حسین نے بتایا کہ کبل پولیس اسٹیشن کے گیٹ کے قریب دھماکا ہوا ہے اور دھماکے کے وقت مقامی نوجوانوں کا احتجاج بھی جاری تھا تاہم احتجاج والا مقام دھماکے کی جگہ سے دور تھا۔
انہوں نے بتایا کہ خودکش بمبار نے تھانہ کبل میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم پولیس اہلکار نے خود کش کو اندر داخل ہونے سے روکا، جس پر خودکش بمبار نے تھانے کے گیٹ پر خود کو اڑایا۔تھانے کے قریب پولیس لائن اور حساس عمارتیں واقع ہیں، ابتدائی طور پر چار پولیس جوان شدید زخمی ہوئے اور واقعے میں دو شہری بھی زخمی ہیں۔
ترجمان ریسکیو 1122 بلال احمد فیضی نے کہا کہ کبل میں دھماکے کی اطلاع ملتے ہی زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے کے لیے ریسکیو ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں، ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیمیں اور ایمبولینسز فوری طور پر جائے وقوع کی جانب روانہ کر دی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ سوات کے علاقے کبل میں ہونے والے مبینہ دھماکے میں اب تک 4 افراد جاں بحق ہوئے ہیں اور 15 سے زائد زخمیوں کو ریسکیو1122 نے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا ہے، اس وقت امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
ترجمان ریسکیو 1122 نے بتایا کہ دھماکے میں اب تک 15 سے زائد زخمیوں کو ریسکیو1122 نے کبل اور سیدو شریف اسپتال منتقل کیا ہے اورامدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
