چیئرمین حاجی نواز علی بروہی کی قیادت میں منگھوپیرٹاؤن میں ترقیاتی منصوبوں پر بھرپور رفتار سے عملدرآمد جاری
کراچی: ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر کے چیئرمین حاجی نواز علی بروہی کی قیادت میں منگھوپیر ٹاؤن کو جدید، منظم اور ترقی یافتہ بلدیاتی انفراسٹرکچر سے آراستہ کرنے کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر بھرپور رفتار سے عملدرآمد جاری ہے۔ اسی سلسلے میں خدا کی بستی کی مرکزی شاہراہ، جو یونین کونسل 9 اور یونین کونسل 10 کو آپس میں ملاتی ہے، کی ازسرِنو تعمیر و بحالی کا اہم منصوبہ کامیابی سے تکمیل کی جانب بڑھ رہا ہے۔
تقریباً ایک کلومیٹر طویل یہ مرکزی شاہراہ گزشتہ کئی برسوں سے خستہ حالی کا شکار تھی، جس کے باعث روزانہ ہزاروں شہریوں، طلبہ، ملازمت پیشہ افراد اور ٹرانسپورٹرز کو آمدورفت میں شدید مشکلات، ٹریفک کے دباؤ اور حادثات کے خدشات کا سامنا رہتا تھا۔ عوامی مشکلات کا نوٹس لیتے ہوئے ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر کے چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے اس اہم منصوبے پر عملی کام کا آغاز کیا، جس کے پہلے مرحلے میں سڑک کا ایک ٹریک کامیابی کے ساتھ مکمل کر کے ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے، جبکہ دوسرے ٹریک پر تعمیراتی کام دن رات جاری ہے اور اسے بھی بہت جلد مکمل کر کے عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔
منصوبے کی تکمیل کے بعد خدا کی بستی، یونین کونسل 9، یونین کونسل 10 اور گرد و نواح کے علاقوں کے رہائشیوں کو محفوظ، کشادہ اور معیاری سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ اس کے ساتھ ساتھ ٹریفک کی روانی میں نمایاں بہتری آئے گی، سفر کا دورانیہ کم ہوگا، تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور علاقے کی مجموعی ترقی میں اہم اضافہ ہوگا۔
اس موقع پر وائس چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن رانا محمد عارف ڈسٹرکٹ ویسٹ کے انفارمیشن سیکرٹری علی اکبر کا چھیلو. ستار بروہی (صدر PS-97)، ہلال رحمانی (چیئرمین یو سی 12)، علی حسن بروہی (وائس چیئرمین یو سی 9)، منتخب عوامی نمائندگان، کونسلرز، پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان، لیڈیز ونگ کی عہدیداران اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی نے کہا کہ عوام کو معیاری بنیادی اور بلدیاتی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ منگھوپیر ٹاؤن کے ہر علاقے میں سڑکوں، سیوریج، نکاسیٔ آب، صفائی ستھرائی اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر بلاامتیاز کام جاری ہے تاکہ شہریوں کو بہتر شہری ماحول اور جدید بلدیاتی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام منصوبے مقررہ معیار اور وقت کے مطابق مکمل کیے جائیں تاکہ عوام جلد از جلد ان سے مستفید ہو سکیں۔
علاقہ مکینوں، معززین، سماجی شخصیات اور تاجروں نے خدا کی بستی مرکزی شاہراہ کی تعمیر کو منگھوپیر ٹاؤن کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے سندھ حکومت، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور بالخصوص چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی کی عوام دوست پالیسیوں، مسلسل کاوشوں اور ترقیاتی وژن کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ موجودہ بلدیاتی قیادت کی عملی کارکردگی کے باعث منگھوپیر ٹاؤن میں ترقیاتی منصوبوں کا ایک نیا دور شروع ہو چکا ہے، جس کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچ رہے ہیں اور علاقے کی ترقی، خوشحالی اور معیارِ زندگی میں واضح بہتری رہی ہے۔
