سیسی کے تمام اسپتالوں میں ایچ آئی وی اسکریننگ کا عمل جاری ہے:کمشنر سیسی ہادی بخش کلہوڑو
کراچی: کمشنر سندھ ایمپلائز سوشل سیکورٹی انسٹی ٹیوٹ (سیسی) ہادی بخش کلہوڑو نے کہا ہے کہ سیسی کے زیر انتظام تمام اسپتالوں میں ایچ آئی وی اسکریننگ کا عمل جاری ہے۔ اسپتال کی او پی ڈی اور زیر علاج مریضوں بالخصوص بچوں کی ایچ آئی وی اسکریننگ کی جارہی ہے۔ لانڈھی اسپتال میں لائے گئے 4 ماہ کے بچے کی او پی ڈی میں اسکریننگ پر ایچ آئی وی پازیٹیو آنے پر ان کی والدہ کی بھی اسکریننگ کی گئی وہ بھی پازیٹیو آئی اور جب ان کے والد کی اسکریننگ کے لئے خون کا نمونہ لینے کی کوشش کی گئی تو وہ اسپتال سے بغیر ٹیسٹ کروائے چلے گئے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت محکمہ صحت اور محکمہ محنت سندھ کی جانب سے نہ صرف سیسی کے زیر انتظام اسپتالوں بلکہ تمام سرکاری اسپتالوں میں بھی ایچ آئی وی کی اسکریننگ کی جارہی ہے۔ لانڈھی اسپتال اور اطراف کے علاقہ میں 2000 افراد کی اسکریننگ کے نتیجہ میں اب تک 10 افراد جبکہ ولیکا اسپتال اور اس کے اطراف کی آبادی میں 10000 اسکریننگ میں سے اب تک 120 بچوں اور بڑوں میں ایچ آئی وی پوزیٹو کی تصدیق ہوئی ہے۔
ہادی بخش کلہوڑو نے کہا کہ سیسی کے زیر انتظام تمام اسپتالوں اور ڈسپینسریوں میں او پی ڈی اور زیر علاج مریضوں کو تمام تر صحت کی سہولیات کی فراہمی جاری ہے اور اب تک جن جن بچوں میں ایچ آئی وی کی تصدیق ہوئی ہے ان کے ڈیٹا اور ان کی فیملی کے ڈیٹا کو بھی جمع کیا جارہا ہے تاکہ ان کو مکمل علاج معالجہ اور ان کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جاسکے۔
کمشنر سیسی نے کہا ہے کہ سیسی کے زیر انتظام تمام اسپتالوں میں جنوری 2025 سے اب تک کے تمام او پی ڈی اور زیر علاج مریضوں کے ڈیٹا کو بھی جمع کیا جارہا ہے اور اس دوران علاج کروانے والوں میں سے اگر کسی کا ایچ آئی وی پوزیٹو آیا ہے تو اس کے زمہ داران اور اس کے اسباب کی بھی انکوائری کی جارہی ہے۔ ذمہ داران کے خلاف انضباطی کارروائی کی جارہی ہے۔
