35سال بعد مومن آباد ٹاؤن کو ضیا پمپنگ اسٹیشن سے 40 گھنٹے پانی کی فراہمی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری

35سال بعد مومن آباد ٹاؤن کو ضیا پمپنگ اسٹیشن سے 40 گھنٹے پانی کی فراہمی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری

کراچی: مومن آباد کے عوام کے لیے ایک بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے۔ ڈبلیو ٹی ایم کے دفتر میں ایکسین واحد شیخ سے ملاقات کے دوران ضیا پمپنگ اسٹیشن سے منسلک چار یونین کمیٹیوں کو 40 گھنٹے پانی کی فراہمی کا باضابطہ نوٹیفکیشن حاصل کر لیا گیا۔ اس نوٹیفکیشن کے اجرا کے بعد واٹر کارپوریشن کے قواعد و ضوابط کے مطابق ضیا پمپنگ اسٹیشن سے متعلق چاروں یونین کمیٹیوں کو 40 گھنٹے پانی کی فراہمی یقینی بنانا واٹر کارپوریشن کی ذمہ داری ہوگی۔ تقریباً 35 سال بعد پانی کی فراہمی کے دورانیے میں یہ اضافہ مومن آباد کے عوام کے لیے ایک تاریخی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

اس تاریخی کامیابی پر پارلیمانی لیڈر بلدیہ عظمیٰ کراچی و چیئرمین یونین کمیٹی نمبر 4، اسد امان اللہ نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی صرف ایک فرد کی نہیں بلکہ پوری ٹیم، ضیا پمپنگ اسٹیشن واٹر کمیٹی، متعلقہ اداروں اور مومن آباد کے عوام کی مشترکہ جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ 35 برس سے جاری عوامی مسئلہ آج اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم، مسلسل کوششوں اور تمام متعلقہ اداروں کے تعاون سے حل ہوا، جو علاقے کے عوام کے لیے ایک یادگار سنگِ میل ہے۔

اسد امان اللہ نے خصوصی طور پر میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خصوصی دلچسپی، بھرپور تعاون اور عوامی مسائل کے حل کے عزم کے باعث یہ دیرینہ مسئلہ حل ہوا۔ انہوں نے چیف آپریٹنگ آفیسر (COO) واٹر کارپوریشن اسداللہ خان، معزز ایم ڈی صاحبان، چیف صاحبان، ایکسین واحد شیخ، دیگر متعلقہ افسران، واٹر کارپوریشن کے تمام عملے اور ضیا پمپنگ اسٹیشن واٹر کمیٹی کے تمام اراکین کا بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کیا، جن کی کاوشوں سے یہ تاریخی کامیابی ممکن ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ضیا پمپنگ اسٹیشن واٹر کمیٹی کے اراکین نے ہر مرحلے پر عوامی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے بھرپور کردار ادا کیا۔ ان کی مسلسل محنت، اتحاد اور تعاون اس کامیابی کی بنیاد ثابت ہوئے اور مومن آباد کے عوام ہمیشہ ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھیں گے۔

بعد ازاں ضیا پمپنگ اسٹیشن واٹر کمیٹی کے اراکین نے اس تاریخی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسد امان اللہ کو پھولوں کے ہار پہنائے اور ان پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔ اس موقع پر شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مومن آباد کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور دیگر عوامی مسائل کے حل کے لیے بھی اسی جذبے کے ساتھ جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

آخر میں اللہ تعالیٰ کے حضور شکر ادا کرتے ہوئے دعا کی گئی کہ وہ اس نیک کام میں کردار ادا کرنے والے تمام افراد کو صحت، عزت، برکت اور مزید خدمتِ خلق کی توفیق عطا فرمائے، اور مومن آباد کے عوام کو ہمیشہ اسی طرح بنیادی سہولیات میسر آتی رہیں۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں