ڈی جی کے ڈی ہے آصف جان صدیقی سے ممبر صوبائی اسمبلی فیصل رفیق کی ملاقات، لائنز ایریا کے مسائل پر تبادلۂ خیال
کراچی: ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی آصف جان صدیقی سے ممبر صوبائی اسمبلی فیصل رفیق اور ٹاؤن آرگنائزر لائنز ایریا محمد مرسلین نے سوک سینٹر میں ملاقات کی۔
اس موقع پر ممبر فنانس کے ڈی اے نوید انور صدیقی اور پروجیکٹ ڈائریکٹر لائنز ایریا سید وقار الدین بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران لائنز ایریا کے رہائشیوں کو درپیش مسائل، ترقیاتی امور، شہری سہولیات اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی فیصل رفیق نے کہا کہ عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کا بروقت حل ہماری اولین ترجیح ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ عوام کا اعتماد برقرار رکھتے ہوئے انہیں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔
ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے آصف جان صدیقی نے کہا کہ عوام کے منتخب نمائندے شہریوں کی امیدوں اور اعتماد کا مرکز ہوتے ہیں، اسی لیے ادارہ ترقیات کراچی منتخب عوامی نمائندوں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گا۔ کے ڈی اے شہریوں کے مالی مفادات کے تحفظ، ان کی املاک کی حفاظت اور بہتر شہری خدمات کی فراہمی کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لاتا رہے گا تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
