صدر ٹاؤن میں تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن، متعدد دکانیں سیل
کراچی: صدر ٹاؤن میں ناجائز تجاوزات کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ آج بروز بدھ 22 جولائی 2026 صدر ٹاؤن اینٹی انکروچمنٹ عیدگاہ ڈویژن کی ٹیم نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ظفر نور مسعودی کی سربراہی میں جمیلہ اسٹریٹ، ہوتی مارکیٹ میں ناجائز تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن کیا۔
یہ کارروائی ٹاؤن چیئرمین منصور احمد شیخ، ڈپٹی کمشنر ساوتھ، میونسپل کمشنر عمار خان، ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ علی اکبر مہر، اسسٹنٹ کمشنر منشاد علی اور انچارج شاہنواز کی واضح ہدایات پر عمل میں لائی گئی، جبکہ مختیارکار عامر منگی نے آپریشن کی نگرانی کی۔
آپریشن کے دوران سرکاری اراضی پر قائم ناجائز تجاوزات میں ملوث متعدد دکانوں کو سیل کیا گیا، جبکہ سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قائم غیر قانونی رکاوٹوں اور تجاوزات کو بھی بھاری مشینری اور عملے کی مدد سے ہٹا دیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کی سہولت، ٹریفک کی روانی اور سرکاری اراضی کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ناجائز تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔ انہوں نے دکانداروں اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ قانون کی پابندی کریں اور سرکاری اراضی پر کسی قسم کا غیر قانونی قبضہ یا تجاوز قائم نہ کریں۔
