کراچی پریس کلب کے نئے ارکان کے پلاٹوں کی قرعہ اندازی اگست کے پہلے ہفتے میں ہوگی: ناصر حسین شاہ

کراچی پریس کلب کے نئے ارکان کے پلاٹوں کی قرعہ اندازی اگست کے پہلے ہفتے میں ہوگی: ناصر حسین شاہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کراچی پریس کلب کے نئے ارکان کے پلاٹوں کی قرعہ اندازی اگست کے پہلے ہفتے میں کر دی جائے گی، جبکہ صحافیوں کو پلاٹوں کی فراہمی کے دیرینہ مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔بدھ کو سندھ کے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے  کراچی پریس کلب کا دورہ کیا اور پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سیکرٹری اسلم خان، مجلس عاملہ اور سینئر صحافیوں سے ملاقات کی-کراچی پریس کلب پہنچنے پر صدر فاضل جمیلی، سیکریٹری اسلم خان اور مجلسِ عاملہ کے ارکان نے ان کا استقبال کیا-

اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر بلدیات نے کہا کہ آج کی ملاقات میں نئے ارکان کے پلاٹوں کی قرعہ اندازی سمیت صحافی برادری سے متعلق دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے یقین دلایا کہ سندھ حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔اپنی صحت سے متعلق گردش کرنے والی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ان کی صحت کے حوالے سے بے بنیاد خبریں پھیلائی گئیں۔انہوں نے کہا، "یہ تاثر دیا گیا کہ میں اسلام آباد میں گر گیا اور پھر مجھے ابوظہبی کے اسپتال منتقل کیا گیا،حالانکہ ایسا کچھ نہیں تھا۔ میں نجی دورے پر ابوظہبی گیا تھا جہاں معمول کا طبی معائنہ بھی کرایا۔” ان خبروں کے بعد ملک بھر سے انہیں بے شمار دعائیں ملیں، جس پر وہ دعا کرنے والوں کے شکر گزار ہیں۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق سندھ بھر میں ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب کراچی کو دنیا کے خطرناک ترین شہروں میں شمار کیا جاتا تھا، مگر آج صورتحال یکسر مختلف ہے اور شہر ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت کے ترقیاتی منصوبے کے تحت 300 سے زائد سڑکیں تعمیر کی جا رہی ہیں، جن میں سے 100 سے زائد مکمل ہو چکی ہیں۔

وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) میں سندھ اور کراچی کو ان کا جائز حصہ نہیں دیا جا رہا۔ وفاق کی جانب سے 100 ارب اور 200 ارب روپے فراہم کرنے کے وعدے بھی تاحال پورے نہیں کیے گئے، تاہم سندھ حکومت کو امید ہے کہ وفاق اس حوالے سے تعاون کرے گا۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کامیاب ثابت ہوا ہے اور ورلڈ بینک، ایشین ڈویلپمنٹ بینک سمیت دیگر عالمی اداروں کے تعاون سے مختلف ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ جہاں بھی ترقیاتی کاموں میں شکایات موصول ہوتی ہیں وہاں فوری کارروائی کی جاتی ہے اور ریڈ لائن منصوبے کے ٹھیکیدار کا معاہدہ بھی شکایات کی بنیاد پر منسوخ کیا گیا۔

س موقع پر کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی نے وزیر بلدیات کی آمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ صحافی برادری کے دیرینہ مسائل خصوصاً رہائشی پلاٹوں کے معاملے پر سندھ حکومت کی سنجیدہ پیش رفت خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ہمیشہ صحافیوں اور کراچی پریس کلب کے مسائل کے حل میں خصوصی دلچسپی لی ہے، جس پر صحافی برادری ان کی شکر گزار ہے۔

سیکریٹری کراچی پریس کلب اسلم خان نے کہا کہ وزیر بلدیات کی جانب سے نئے ارکان کے پلاٹوں کی قرعہ اندازی کے اعلان سے صحافی برادری میں اعتماد پیدا ہوا ہے۔ کراچی پریس کلب کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سندھ حکومت کا مثبت کردار قابلِ تحسین ہے اور امید ہے کہ آئندہ بھی یہ تعاون اسی جذبے کے ساتھ جاری رہے گا۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں