چیئرمین منگھوپیرٹاؤن نے شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا

چیئرمین منگھوپیرٹاؤن نے شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا

کراچی: کراچی کو درپیش ماحولیاتی مسائل اور بڑھتی ہوئی گرمی کے پیشِ نظر، چیئرمین ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر، حاجی نواز علی بروہی نے علاقے کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیے ایک عظیم الشان شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ اس مہم کا مقصد منگھوپیر ٹاؤن کے صنعتی اور رہائشی علاقوں میں سبزے کے فروغ کے ذریعے ماحول کو بہتر بنانا، آکسیجن کے تناسب میں اضافہ کرنا اور شہر کو کنکریٹ کے جنگل سے نکال کر ایک صحت مند اور خوشگوار ماحول فراہم کرنا ہے۔

شجرکاری مہم کا افتتاح چیئرمین ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر، حاجی نواز علی بروہی نے خود پودا لگا کر کیا۔ اس موقع پر ٹاؤن انتظامیہ کے اعلیٰ افسران، منتخب عوامی نمائندوں اور مقامی عمائدین نے شرکت کی۔ تقریب میں وائس چیئرمین رانا محمد عارف اور یوسی  9 کے وائس چیئرمین علی حسن بروہی بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے کہا، "درخت لگانا نہ صرف سنتِ نبوی ﷺ پر عمل ہے بلکہ موجودہ دور میں ماحول کے تحفظ اور زمین کو محفوظ بنانے کا مؤثر ذریعہ بھی ہے۔ ہم صرف پودے نہیں لگا رہے بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک سرسبز، محفوظ اور ٹھنڈا مستقبل تعمیر کر رہے ہیں۔”

انہوں نے مزید کہا کہ منگھوپیر ٹاؤن کی ہر گلی، ہر محلے اور ہر پارک میں شجرکاری کو یقینی بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پودا لگا کر اسے لاوارث چھوڑ دینا بڑی غفلت ہے، اسی لیے ہر پودے کی نگہداشت اور حفاظت کے لیے خصوصی نگرانی کا نظام تشکیل دیا گیا ہے تاکہ شجرکاری مہم کے ثمرات دیرپا ثابت ہوں۔

چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے اہلِ علاقہ سے اپیل کی کہ وہ اس قومی اور سماجی ذمہ داری میں ٹاؤن انتظامیہ کا بھرپور ساتھ دیں اور اپنے گھروں کے باہر، پارکوں اور قریبی خالی جگہوں پر زیادہ سے زیادہ پودے لگا کر کراچی کو دوبارہ "عروس البلاد” بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

اس موقع پر اہلِ علاقہ نے چیئرمین حاجی نواز علی بروہی کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ مہم ٹاؤن کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ شجرکاری مہم محض ایک روزہ سرگرمی نہیں ہوگی بلکہ اسے پورے ٹاؤن تک وسعت دی جائے گی تاکہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات میں کمی لائی جا سکے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں