جناح ٹاؤن کا محرم الحرام کے انتظامات مثالی بنانے اور عزاداران کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ
کراچی: چیئرمین جناح ٹاؤن رضوان عبد السمیع نے وائس چیئرمین حامد نواز خان اور میونسپل کمشنر رئیس الٰہی بخش بنبھن کے ہمراہ یوسی 2 نشتر پارک میں قائم جعفریہ الائنس کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے محرم الحرام کے انتظامات، جلوسوں و مجالس کے انعقاد اور عزادارانِ امام حسینؑ کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے منتظمین کے ساتھ تفصیلی مشاورت کی۔
ملاقات کے دوران جعفریہ الائنس کے ذمہ داران نے جلوسوں اور مجالس کے روٹس پر سڑکوں کی مرمت و کارپٹنگ، اسٹریٹ لائٹس کی بحالی، اوورہیڈ کیبلز کی درستگی، نالوں اور سیوریج لائنوں کی صفائی، تجاوزات کے خاتمے اور دیگر بلدیاتی امور سے متعلق مسائل اور تجاویز سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر چیئرمین جناح ٹاؤن رضوان عبد السمیع نے کہا کہ محرم الحرام صرف ایک مذہبی فریضہ نہیں بلکہ ایثار، قربانی اور انسانیت کے عظیم درس کی یاد تازہ کرنے کا مقدس موقع ہے، جس کے تقدس کو برقرار رکھنا اور عزاداران کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جناح ٹاؤن انتظامیہ محرم الحرام کے دوران تمام انتظامات کو مثالی بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور کسی بھی غفلت یا کوتاہی کی گنجائش نہیں رکھی جائے گی۔
وائس چیئرمین حامد نواز خان نے کہا کہ جلوسوں اور مجالس کے روٹس پر تمام بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اور متعلقہ محکموں کے ساتھ مکمل رابطے اور مؤثر نگرانی کے ذریعے انتظامی امور بروقت مکمل کیے جائیں گے تاکہ عزاداران کو ایک پُرامن، محفوظ اور سہولتوں سے آراستہ ماحول میسر آ سکے۔
میونسپل کمشنر رئیس الٰہی بخش بنبھن نے کہا کہ محرم الحرام کے پیشِ نظر تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطہ اور کوآرڈینیشن جاری ہے۔ نشاندہی کیے گئے مسائل کے حل، صفائی ستھرائی، نکاسیٔ آب، اسٹریٹ لائٹس کی بحالی اور دیگر ضروری امور کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے تاکہ جلوسوں اور مجالس کے انعقاد کے دوران بہترین بلدیاتی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جناح ٹاؤن انتظامیہ عزادارانِ امام حسینؑ کی خدمت کو اپنے لیے اعزاز سمجھتی ہے اور محرم الحرام کے دوران تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
اس موقع پر فوکل پرسن جناح ٹاؤن نوید صدیقی اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
