کراچی میں بڑا ترقیاتی اقدام، سخی حسن اسٹریٹ ڈوئل کیرج وے میں تبدیل، نکاسی آب کا نظام بھی بہتر ہوگا:مرتضیٰ وہاب

کراچی میں بڑا ترقیاتی اقدام، سخی حسن اسٹریٹ ڈوئل کیرج وے میں تبدیل، نکاسی آب کا نظام بھی بہتر ہوگا:مرتضیٰ وہاب

کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر کے انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے مجموعی طور پر 68 ارب روپے کی لاگت سے مختلف منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے، ماضی میں شاہراہ نور جہاں جیسے منصوبے مکمل کیے گئے جبکہ شیر شاہ سوری روڈ سمیت دیگر اہم شاہراہوں پر بھی کام جاری ہے، ماضی میں بارشوں کے دوران پہاڑی علاقوں سے آنے والا برساتی پانی سخی حسن قبرستان اور ملحقہ آبادیوں کو متاثر کرتا تھا جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا، یہ منصوبہ ان دیرینہ مسائل کے حل کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ حالیہ دنوں میں مختلف علاقوں بشمول شاہ فیصل کالونی، عظیم پورہ فلائی اوور اور شاہراہ بھٹو منصوبے کا دورہ کر چکے ہیں، شاہراہ بھٹو کو قیوم آباد سے گڈاپ ٹاؤن میں واقع کاٹھور تک تعمیر کیا جا رہا ہے اور یہ منصوبہ شہر کے ٹریفک نظام میں بہتری لانے میں اہم کردار ادا کرے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز نارتھ ناظم آباد ٹاؤن میں سخی حسن کی سڑک کے بہتری و بحالی کے اہم ترقیاتی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر کیا۔

اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما مسرت نیازی، سٹی کونسل کے اراکین، منتخب نمائندے اور تنظیمی عہدیداران سمیت کے ایم سی افسران بھی موجود تھے۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یہ منصوبہ 26 سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے پروگرام کا حصہ ہے اور اس کے ذریعے اندرونی سڑکوں کو مرکزی شاہراہوں سے بہتر طور پر منسلک کیا جائے گا، اس سے نہ صرف ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی بلکہ مقامی کاروباری سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا، میئر کراچی نے کہا کہ جب میں نے چارج سنبھالا تو ادارہ شدید مشکلات کا شکار تھا تاہم اب مختلف چیلنجز کے باوجود شہر میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔ پیکیج 08 کے تحت ترقیاتی کاموں کا دائرہ کار وسیع کیا جا رہا ہے اور اس منصوبے کے ذریعے شہریوں کو بہتر سفری سہولیات اور نکاسی آب کا مؤثر نظام فراہم کیا جائے گا۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ نارتھ ناظم آباد ٹاؤن میں سخی حسن کی سڑک کے بہتری و بحالی کے منصوبے پر تقریباً 140 ملین روپے لاگت آئے گی جس میں سڑک کی بحالی، ڈرینیج نظام کی اپ گریڈیشن اور دیگر بنیادی سہولیات شامل ہیں، سخی حسن اسٹریٹ کو جدید ڈوئل کیرج وے میں تبدیل کیا جائے گا جس کی لمبائی تقریباً 0.883 کلومیٹر (2,900 فٹ) ہوگی جبکہ سڑک کی چوڑائی 30 فٹ رکھی جائے گی، منصوبے میں اتنی ہی لمبائی کی ڈرینیج لائن کی مرمت بھی شامل ہے تاکہ بارشوں کے دوران پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا جا سکے، اس اقدام سے شادمان اور اطراف کے علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو درپیش مسائل میں واضح کمی آئے گی۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بعض عناصر تنقید برائے تنقید کرتے ہیں تاہم ان کی توجہ سیاست کے بجائے شہر کی ترقی پر مرکوز ہے، جماعت اسلامی اقتدار کے حصول کے لیے تنقید کررہی ہے جبکہ پیپلز پارٹی عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے جس کا مقصد سیاسی پوائنٹ اسکورنگ نہیں بلکہ کراچی کے مسائل کا حل ہے، شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جاری میگا منصوبوں کو جلد مکمل کر کے شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں