چیئرمین محمد نعیم شیخ نے جلد "کلین اینڈ گرین کورنگی” مہم کا باقاعدہ آغاز کرنے کی ہدایات دی
کراچی: چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ نے کورنگی ٹاؤن میں جلد "کلین اینڈ گرین کورنگی” مہم کا باقاعدہ آغاز کرنے کی ہدایات دی۔ اس سلسلے میں انہوں نے تمام محکموں کے ڈائریکٹرز کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد کیا جس میں مہم کی حکمت عملی اور مختلف اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں تمام ڈائریکٹرز کو ہدایت جاری کرتے ہوئے چیئرمین محمد نعیم شیخ نے کہا کہ کورنگی ٹاؤن کو صاف، سرسبز اور خوبصورت بنانا ہماری اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
چیئرمین نے ہدایت کی کہ ٹاؤن کی تمام یونین کمیٹیوں (یو سیز) میں مرحلہ وار بنیادوں پر کام کا آغاز کیا جائے۔ انہوں نے خصوصی طور پر فٹ پاتھوں کی رنگ و روغن (کلرنگ) کرنے، شجرکاری مہم کو تیز کرنے اور گرین بیلٹس کو بہتر بنانے کے احکامات جاری کیے تاکہ علاقے کی خوبصورتی میں اضافہ ہو اور شہریوں کو خوشگوار ماحول میسر آئے اور انہوں نے کہا کہ صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ شجرکاری کو بھی یقینی بنایا جائے اور تمام متعلقہ عملہ فیلڈ میں متحرک رہے گا اور کام کو بروقت مکمل کیا جائے گا۔
صدر پی ایس 92 متین لودھی نے کہا کہ "کلین اینڈ گرین کورنگی” مہم علاقے کی بہتری کے لیے ایک اہم قدم ثابت ہوگی اور اس سے شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے گا۔
اجلاس کے اختتام پر چیئرمین محمد نعیم شیخ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کورنگی ٹاؤن کی ہر یو سی میں مرحلہ وار اس مہم کو کامیابی سے مکمل کیا جائے گا اور علاقے کو ایک مثالی، صاف اور سرسبز ٹاؤن بنایا جائے گا۔
