چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن کا بارش کے بعد مختلف علاقوں کا دورہ، متعلقہ محکموں کو ہدایات
کراچی: چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے بارش کے بعد نیو کراچی ٹاؤن کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور نکاسی آب کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر، ٹاؤن افسران اور متعلقہ محکموں کے افسران و عملہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھا۔چیئرمین محمد یوسف نے بارش کے بعد پاور ہاؤس چورنگی،نیو کراچی نالہ اسٹاپ اور دیگر نشیبی علاقوں، سڑکوں اور گلیوں میں جمع ہونے والے پانی کی صورتحال کا معائنہ کیا اور نکاسی آب کے کاموں میں مصروف عملے کو ہدایت دی کہ نکاسی آب کے عمل کو مزید تیز کیا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے مختلف مقامات پر صفائی ستھرائی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیتے ہوئے موقع پر موجود افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔
اس موقع پر چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بارش کے دوران شہریوں کوریلیف فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ ٹاؤن انتظامیہ محدود وسائل کے باوجود عوام کو ریلیف دینے کے لیے متحرک ہے اور نکاسی آب کے عمل کو بہتر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں نیو کراچی کے کئی علاقوں میں بارش کے بعد پانی جمع رہتا تھا، تاہم ٹاؤن انتظامیہ کی مسلسل کوششوں کے باعث صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل ہماری ذمہ داری ہے اور ہم سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر خدمت کا سفر جاری رکھیں گے۔
وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر نے اس موقع پر کہا کہ ٹاؤن کی تمام مشینری اور عملہ فیلڈ میں موجود ہے اور بارش کے پانی کی بروقت نکاسی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔دورے کے دوران شہریوں نے بھی چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کی جانب سے بارش کے بعد فوری اقدامات کو سراہا اور مسائل کے حل میں دلچسپی لینے پر اطمینان کا اظہار کیا۔
