چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن اور میونسپل کمشنر کی زیر نگرانی بارشوں کے دوران مثالی اقدامات
کراچی: چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب اور میونسپل کمشنردریا خان پتافی کی زیر نگرانی بارشوں کے دوران مثالی اقدامات کیے گئے۔بارشوں کے دوران لیاقت آباد ٹاؤن انتظامیہ متحرک چیئر مین فراز حسیب اور میونسپل کمشنردریا خان پتافی بھی فیلڈ میں موجود رہے۔
چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں کے دوران ٹاؤن انتظامیہ نے بھرپور تیاری اور بروقت اقدامات کے باعث شہریوں کو ممکنہ مشکلات سے بڑی حد تک محفوظ رکھا۔ انہوں نے بتایا کہ بارشوں سے قبل ہی تمام متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا تھا جبکہ عملے کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئی تھیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔
فراز حسیب کے مطابق سینی ٹیشن، بی ایچ اینڈ آر ایس، پارکس اور ایڈورٹائزمنٹ ڈپارٹمنٹ کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی تھیں۔ سینی ٹیشن عملے کو نکاسی آب کے نظام کو فعال رکھنے اور کسی بھی جگہ پانی جمع ہونے کی صورت میں فوری کارروائی کی ہدایت دی گئی، جبکہ بی ایچ اینڈ آر ایس کا عملہ بھی فیلڈ میں مکمل طور پر متحرک رہا۔انہوں نے مزید بتایا کہ ایڈورٹائزمنٹ ڈپارٹمنٹ کو سائن بورڈز اور بل بورڈز کے حوالے سے خصوصی ذمہ داریاں دی گئی تھیں تاکہ تیز ہواؤں کے باعث کسی بھی قسم کے حادثات سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکے۔ اسی طرح پارکس ڈپارٹمنٹ کو درختوں کی بروقت چھٹائی اور کمزور درختوں کی نشاندہی کر کے انہیں ہٹانے کی ہدایات دی گئی تھیں تاکہ بارش اور آندھی کے دوران کسی نقصان سے بچا جا سکے۔
چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن نے کہا کہ ان تمام پیشگی اقدامات کے باعث لیاقت آباد میں نکاسی آب کا نظام مؤثر رہا اور بیشتر علاقوں میں پانی جلدی نکال دیا گیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔چیئر مین فرازحسیب نے بتایا کہ ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے ریلیف کیمپس بھی قائم کیے گئے ہیں جہاں شہریوں کو ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اگر کوئی شہری بارش کے باعث کسی مشکل میں پھنس جائے تو فوری ریسکیو کے لیے عملہ ہر وقت تیار ہے اور بروقت کارروائی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
